اپوزیشن کی سازش پر مبنی سیاست : ٹی ہریش راؤ

ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ، آبپاشی پراجکٹس سے کسانوں اور عوام کو فائدہ : وزیر آبپاشی کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اپوزیشن پر سازش پر مبنی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے ریاست کو پسماندگی کا شکار بنانا اپوزیشن جماعتوں کا مقصد ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے ریاست کو خشک سالی کی صورتحال سے نجات دلانے کیلئے پراجکٹس کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے اور کسی بھی پراجکٹس کے تحت کسانوں اور عوام کا نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے ذریعہ پراجکٹس کی ڈیزائننگ کی گئی اور ہر پراجکٹ سے کئی اضلاع سیر آب ہوں گے۔ انہوں نے تلگو دیشم اور کانگریس کی جانب سے بے قاعدگیوں کے الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ جو قائدین اپنے دور حکومت میں بے قاعدگیوں میں ملوث رہے ، آج وہ دوسروں کو اسی طرح تصور کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر میں مکمل شفافیت سے کام لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کانگریس اور تلگو دیشم کو عوام کے مفاد کے برخلاف کام کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تین اضلاع میں آبپاشی سہولتوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے ملنا ساگر پراجکٹ کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ 56 برسوں سے میدک ضلع کیلئے ایک بھی پراجکٹ تعمیر نہیں کیا گیا لیکن کانگریس اور تلگودیشم ابھی بھی مخالف تلنگانہ پالیسی پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آندھرائی قیادت کے اشارہ پر تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے حکومت پراجکٹس کی بہرصورتحال تعمیر کرے گی اور کوئی بھی طاقت اسے روک نہیں پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اپوزیشن قائدین کو عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔