مرکزی و ریاستی حکومت پر محکمہ انکم ٹیکس کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرنے کودنڈارام کا الزام
حیدرآباد ۔ 29 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈارام نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں ہی حکومتیں محکمہ جات انکم ٹیکس و انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کررہی ہیں اور اب انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاست میں اپوزیشن جماعتوں سے خوفزدہ ہوکر بعض اہم قائدین کو گرفتار کرواکر یا انکم ٹیکس و انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ عہدیداروں کے ذریعہ سیاسی قائدین کے گھروں پر دھاوے کرواتے ہوئے مکمل تلاشی کے نام پر ہراساں کروانے کا مرکزی و تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا اور صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے علاوہ اہم قائدین تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے مکانات پر دھاوے کرنے اور مکمل تلاشی لینے کیلئے اقدامات کرنے کا انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے اعلیٰ عہدیداروں سے پرزور مطالبہ کیا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے مقابلہ میں مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے علاوہ دیگر قائدین ٹی آر ایس کے مکانات پر دھاوے کرکے تلاشی لینے پر بڑے پیمانے پر رقومات فراہم ہوں گی کیونکہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے پاس معمولی نوعیت کی رقومات رہنے پر برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی صدر کے علاوہ دیگر قائدین کے پاس لاکھوں کروڑ روپئے کی رقومات برآمد ہوں گی۔ پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین گوبیل پبلسٹی کررہے ہیں کہ کل 30 ستمبر کو محبوب نگر میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں مسٹر اجیت سنگھ شرکت کررہے ہیں جوکہ سراسر جھوٹ اور حقیقت سے بعید ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی تشہیر کے ذریعہ اپنے جلسوں کو کامیاب بنانے اور عوام کی شرکت کیلئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی اوچھی حرکتیں کررہی ہے۔ پروفیسر ایم کودنڈارام نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مسٹر چندراشیکھر راؤ کی زیرقیادت حکومت سے ریاستی عوام اپنی بیزارگی کا اظہار کررہے ہیں ۔