عوام نے اپیل کو مسترد کردیا ‘ ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 25۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے منایا گیا میدک بند ناکام ہوچکا ہے ۔ عوام نے اپوزیشن جماعتوں کی اپیل کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن نے سیاسی مقصد براری کیلئے میدک بند کا اعلان کیا تھا لیکن اسے عوامی تائید حاصل نہیں ہوئی۔ سرکاری دفاتر ، اسکولس اور خانگی ادارے معمول کی طرح کھلے رہے۔ ہریش راؤ کے مطابق عام زندگی کوئی متاثر نہیں ہوئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کے نام پر کانگریس ، تلگو دیشم اور سی پی ایم قائدین عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کسانوں کو ملنا ساگر پراجکٹ کے نام پر گمراہ کیا جارہا ہے جبکہ اس پراجکٹ کے تحت جو مواضعات زیر آب آرہے ہیں، انہیں حکومت مناسب معاوضہ ادا کرنے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 گاؤں میں سے 6 گاؤں کے کسانوں نے اپنی اراضیات پراجکٹ کیلئے دینے سے اتفاق کرلیا ہے۔ باقی دو گاؤں کے لوگ آئندہ دو تین دن میں تیار ہوجائیں گے اور اس سلسلہ میں بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ کسانوں سے جبراً اراضیات حاصل کی جارہی ہیں۔