سینکڑوں طلبہ و سرپرستوں کی بھی شرکت متوقع ‘ خودکشی واقعات پر حکومت کی بے حسی شرمناک : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 28 ؍ اپریل ( سیاست نیوز) کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے 29 ؍اپریل کو چلو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس کے علاوہ تلگودیشم ‘ سی پی آئی ‘ تلنگانہ جنا سمیتی اور دیگر پارٹیوں کے قائدین اور کارکن اس احتجاج میں حصہ لیں گے ۔ صبح 10-30 بجے احتجاج کا آغاز ہوگا ۔ امکان ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں طلبا اور ان کے سرپرست بھی احتجاج میں شریک ہوں گے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار یڈی نے کارکنوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ امتحانات کے انعقاد میں دھاندلیوں کے سبب 20– سے زائد طلبا کی قیمتی جانیں چلی گئی ۔ انہوں نے وزیر تعلیم کی برطرفی اور عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ بے قائدگیوں کی نشاندھی کے باوجود حکومت کسی بھی کارروائی سے گریز کر رہی ہے ۔ طلبا کی خودکشی کے واقعات پر حکومت کی بے حسی شرمناک ہے ۔ کانگریس پارٹی 29 اپریل کو کل جماعتی چلو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ احتجاج کی تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکن بھی احتجاج میں حصہ لیں گے ۔ کنٹیا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں کی اصلاح کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کرے ۔ کنٹیا نے مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے پارٹی کے اہم قائدین کو مختلف اضلاع کی ذمہ داری دیتے ہوئے احکامات جاری کرنے کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کی امداد کریں۔ ہنمنت راؤ نے ریمارک کیا کہ ہلاکتوں کے معاملہ میں بھی کے سی آر نمبر ون ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ صرف سوامی اور پنڈتوں کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ کریں جنہوں نے ووٹ دیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر کو صرف ٹویٹر چلانا آتا ہے ۔ ان کے پاس متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کا وقت نہیں ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کم از کم کے ٹی آر کو خودکشی کرنے والے طلبا کے گھروں کو جانا چاہئے ۔