اپوزیشن پر عوامی مسائل کی یکسوئی میں عدم دلچسپی کا الزام

معمولی مسئلہ پر حکومت کے خلاف بطور ایجنڈہ استعمال ، ٹی آر ایس قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 6۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں کسی بھی معمولی مسئلہ کو حکومت کے خلاف ایجنڈہ کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ حالانکہ اپوزیشن کو عوامی مسائل اور ان کی یکسوئی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ سیاسی مقصد براری کیلئے ہر واقعہ کو سیاسی رنگ دینا اپوزیشن کا واحد ایجنڈہ ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی آر بالا کشن اور رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میدک کے ماناکنڈور اسمبلی حلقہ میں اراضی کی تقسیم کے موقع پر تنازعہ کے سبب دو افراد کی خودکشی کے واقعات سے چیف منسٹر کے سی آر اور مقامی رکن اسمبلی کو ذمہ دار قرار دینے کی کوششیں افسوسناک ہے۔ کانگریس پر شیطانی سیاست پر عمل پیرا ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ارکان مقننہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کا شکار نہ ہوں۔ میدک کے اسمبلی حلقہ میں دلتوںکی ترقی کیلئے مقامی رکن اسمبلی کئی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ ہر مسئلہ کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دینا اور تنقیدوں پر اپوزیشن کی عادت بن چکی ہے۔ اگر اپوزیشن اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لائے گا تو تلنگانہ سماج ان کے خلاف بغاوت کرسکتا ہے ۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس ، بی جے پی ، تلگو دیشم اور بائیں بازو کی جماعتیں خودکشی کے واقعات پر سرگرم ہوچکی ہیں اور سیاسی مقصد براری کیلئے نعشوں پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کے نام پر اس طرح کی سیاست افسوسناک ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں دراصل عوام کو مشتعل کرتے ہوئے خودکشی کیلئے اکسا رہی ہے۔ رکن اسمبلی آر بال کشن نے کہا کہ وہ دلت ہونے کے ناطے خود کو دلتوںکی بھلائی کیلئے وقف کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 910 ایکر اراضی کی تقسیم کیلئے ان کا اسمبلی حلقہ دیگر حلقوں کے مقابلہ سرفہرست ہے۔ بال کشن نے کہا کہ دلتوں کی بھلائی کے اقدامات اپوزیشن کو برداشت نہیں ہورہے ہیں۔