اپوزیشن پر ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام

انتخابی وعدوں کی تکمیل ٹی آر ایس کا کارنامہ ، ای راجندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کے ذریعہ ترقی میں رکاوٹ کی سازش کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کی فلاح و بہبود میں مصروف کے سی آر حکومت کی مقبولیت سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور الزامات کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا نہ صرف عوام بلکہ تلنگانہ سے دشمنی ہے۔ ٹی آر ایس عوام کی تائید اور آشیرواد سے برسر اقتدار رہی اور ساڑھے چار سال میں کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ملک کے لئے مثالی ریاست میں تبدیل ہوچکی ہے۔ 40,000 کروڑ سے زائد فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر خرچ کئے گئے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے برقی بحران پر قابو پاتے ہوئے زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کا آغاز کیا ہے۔ ای راجندر نے حکومت کے ترقیاتی و فلاحی اقدامات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ 14 سال کی طویل جدوجہد کے بعد نئی ریاست حاصل کی گئی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا حکومت کو اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کا راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے اپوزیشن کی جانب سے 100 سے زائد مقدمات عدالتوں میں درج کئے گئے ۔ بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کا حوالہ دیتے ہوئے راجندر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا اور انہیں 43 فیصد فٹمنٹ دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹراکٹ ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور اس پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ مختلف شعبہ جات کے ملازمین تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ۔ راجندر نے کہا کہ ایک لاکھ 28 ہزار 274 جائیدادوں پر تقررات کے لئے گزشتہ چار برسوں میں محکمہ فینانس نے اجازت دی ہے۔ ان میں ایک لاکھ 2 ہزار 270 جائیدادوں پر تقررات مختلف مراحل میں ہیں۔ 87,346 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا اور 37,781 جائیدادوں پر تقررات مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل میں ٹی آر ایس حکومت کامیاب ہوئی ہے۔ دوبارہ برسر اقتدار آنے پر باقی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔