حیدرآباد، 4جون (سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ نریندر مودی حکومت کی بڑھتی مقبولیت کو ہضم کرنے سے قاصر سیاسی جماعتیں ‘ سیاسی مقاصد کے لئے ذبیحہ گاؤ اور کشمیر جیسے ہر مسئلہ پر سیاست کررہی ہیں۔ انہوں نے شہر میں تلنگانہ بی جے پی یونٹ کے دفتر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی پیش رو کانگریس کے دور میں کئی ریاستوں میں گاو کشی پر پابندی کے قوانین رہے ہیں۔ حکومت انفرادی غذائی عادات میں کبھی مداخلت نہیں کرے گی۔ نائیڈو نے اپوزیشن کے اس الزام کا مضحکہ اڑایا کہ بی جے پی حکومت ملک کو سبزی خور میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔سنگاریڈی میں حال ہی میں دورہ کے موقع پر تلنگانہ میں ایک ہی خاندان کی حکومت کے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے الزام کا حوالہ دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ کانگریس نے خاندانی حکمرانی کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔یہ کہتے ہوئے کہ مودی حکومت کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ماو نوازوں کے تشدد میں کمی آئی ہے ‘۔انہو ں نے کہا کہ ماو نوازوں کی سرگرمیاں اب ملک کے صرف چند مقامات تک محدود ہیں۔متحدہ اپوزیشن کے محاذ کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا استقبال ہے ۔ ہم ان لوگوں کی قسمت کے بارے میں جانتے ہیں جنہوں نے ماضی میں ایسا ہی عمل اختیار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے آغاز کے بعد ہی صدر کے عہدہ کے لئے این ڈی اے کے امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔