اپوزیشن جماعتوں کا غیر شائستہ رویہ، تلنگانہ کے مفادات کو نقصان

وزیراعظم اور مرکزی وزراء کے سی آر کی کارکردگی سے مطمئن ، نرنجن ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /27 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ منصوبہ بندی کے نائب صدرنشین مسٹر نرنجن ریڈی نے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ خواہ کچھ بھی کریں ان کی مخالفت کرنا اور ان کو (چیف منسٹر) سخت تنقید کا نشانہ بنانے کو روز مرہ کا طریقہ کار بنالیا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہونچارہے ہیں ۔ مسٹر نرنجن ریڈی نے آج یہاں اخباری نمائندں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کے علاوہ تقریباً تمام مرکزی وزراء تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کارکردگی کی جہاں زبردست ستائش کررہے ہیں وہیں اپوزیشن جماعتیں چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تلنگانہ ریاست کے مفادات کو نقصان پہونچارہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ کے اپوزیشن قائدین کی چیف منسٹر پر تنقید انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ نائب صدرنشین تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن نے اپوزیشن جماعتوں سے دریافت کیا کہ آیا ملنا ساگر پراجکٹ کیلئے کسان خود رضاکارانہ طور پر اپنی اراضیات دے رہے ہیں تو حصول اراضی کا سوال کیسا پیدا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولاورم پراجکٹ کیلئے تلنگانہ کے ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ اراضیات زیر آب آنے پر اپوزیشن جماعتوں نے کم از کم لب کشائی کرنا گواراہ نہیں کیا ۔ مسٹر نرنجن ریڈی نے صدرنشین تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کوڈنڈا رام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اپوزیشن کے الزامات کی کسی تصدیق کے بغیر تائید کررہے ہیں  اور حقیقت سے بعید باتیں کرنا کوڈنڈا رام کیلئے کوئی مناسب بات نہیں ہے ۔