اپوزیشن اتحاد کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں: ہریش راؤ

تلگودیشم اور کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت، وزیر آبپاشی نے پارٹی میں استقبال کیا

حیدرآباد۔/6 اکٹوبر ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد کو عوام سے ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے کیونکہ مخالف تلنگانہ طاقتوں کے ساتھ کانگریس نے اتحاد کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ ہریش راؤ آج کانگریس، تلگودیشم اور دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ حلقہ اسمبلی اندول اور حسن آباد سے تعلق رکھنے والے مختلف قائدین نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ ٹی آر ایس نے شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر بڑی ریلی منظم کی گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس، تلگودیشم اور تلنگانہ جنا سمیتی پر مشتمل مہا کوٹمی دراصل ایک اوٹمی یعنی شکست ہے۔ تلنگانہ کے عوام اس اتحاد کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یہ پارٹیاں ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ تلنگانہ میں جو کچھ بھی ترقی ہوئی وہ عوام کے سامنے ہے لہذا رائے دہندوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے گھر کی پارٹی ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں۔ اندول سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین نے ہریش راؤ کی قیامگاہ پر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیارکی۔ اس موقع پر اندول اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار کرانتی موجود تھے۔ تلگودیشم قائدین نے عہد کیا کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔ہریش راؤ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مہا کوٹمی سے کئی قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ حسن آباد کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ عدالت میں مقدمات دائر کرتے ہوئے کانگریس نے ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کیلئے عوام کی بھلائی سے زیادہ سیاسی مفادات عزیز ہیں۔ کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ پھر ایک بار تلنگانہ کے مفادات آندھرائی طاقتوں کے پاس رہن رکھ دیئے جائیں۔ ان کوششوں کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ ڈھائی ہزار سے زائد کارکنوں نے حسن آباد میں ریلی منظم کی جس میں ہریش راؤ نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے تمام طبقات کی بھلائی کیلئے جو قدم اٹھائے ہیں وہ تاریخی نوعیت کے ہیں۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کوئی بھی پارٹی ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس زیر قیادت موقع پرستانہ اتحاد کو مسترد کردیں۔