اپنے بیٹے کی حرکتوں پر یشونت سنہا ناراض

جینت سنہا کی جانب سے مسلم میٹ تاجر کی ہلاکت کے 7 مجرمین کو تہنیت کی پیشکشی افسوسناک
رانچی ۔7 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے اپنے بیٹے جینت سنہا کی حرکت پر ناراضگی ظاہر کی ۔ جینت سنہا نے گاؤ رکھشا کے نام پر ایک مسلم میٹ تاجر کو ہلاک کرنے والے 7 سزا یافتہ مجرمین کو تہنیت پیش کی ہے ۔ سوشیل میڈیا پر جب ان کے بیٹے کی 7 مجرمین کے ساتھ تصویر شائع ہوئی تو یشونت سنہا سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے بیٹے کی حرکت پر تبصرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے فرزند کی اس حرکت کو پسند نہیں کرتا ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا اور کہا کہ میرا بیٹا نالائق ہے ۔ ٹوئیٹر پر لوگوں نے ’ ایک لائق باپ کا نالائق بیٹا ‘ کے عنوان سے تبصرے کئے ہیں ۔ کیوں کہ جینت سنہا نے گوشت کے تاجر علیم الدین انصاری کے قتل میں سزا یافتہ 7 مجرمین کو پھول مالائیں پہنا کر تہنیت پیش کی تھی ۔ جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں 55 سالہ گوشت کے تاجر کو گذشتہ سال جون میںان کی کار سے گھسیٹ کر باہر نکالا گیا اور زد و کوب کر کے ہلاک کردیا گیا تھا ۔ بی جے پی کے مقامی لیڈر کے بشمول 11 افراد کو سزائے عمر قید سنائی گئی ہے ۔ اس سال مارچ میں فاسٹ ٹریک کورٹ نے مسلم تاجر کے قتل کا سخت نوٹ لے کر سزا دی گئی ۔ تاہم ہائی کورٹ نے سزا کو معطل کرتے ہوئے ان 11 کے منجملہ 8 کو ضمانت پر رہا کردیا ۔ ان کی رہائی کے بعد جینت سنہا نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھول کے ہار ڈالے تھے ۔۔