اپنی نسل کی ایمانی حفاظت کیلئے جدوجہد وقت کی اہم ضرورت

کتاب ’ اسلام کیا ہے ؟ ‘ کا اجراء ، نواب زاہد علی خاں ، مولانا غلام نبی شاہ ، ڈاکٹر سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( راست ) : شریعت محمدیﷺ پر عمل آوری میں ساری انسانیت کے لیے نجات اور نصرت الہی کا مستحق بنا دیتی ہے ۔ لیکن امت مسلمہ اپنی عظیم ورثہ میں مکمل دین جو کہ جملہ نعمتوں کا ضامن ہے پیش نظر رکھتے ہوئے بھی اس پر عمل اور اس کو اپنی نسلوں میں پہچانے کی ذمہ داری سے پہلوتہی اختیار کررہی ہے ۔ بلکہ یہود و نصاریٰ کی مکر بھری سازشیں ہمیں دین اسلام ، احیاء دین ، احیاء سنت کو محنتوں سے دور اور خواب غفلت میں سلا رکھا ہے ۔ ہم کو ہماری ذمہ داریوں کا نبھانے کا وقت آگیا ہے ۔ سال کے دس مہینے تو ہم ہماری معصوم ، نوجوان نسل کو دنیوی تعلیم دلوانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے ۔ اب تعطیلات کے دو مہینے ہماری مستقبل کے اسلام کے پرچم کو بلند کرنے والی نسل کو ایمان کی حفاظت ، ایمان کے پختہ کرنے میں معمولی جستجو کریں گے تو پھر یہ نسل دین و دنیا میں کامیاب ہوجائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی نے کتاب اسلام کیا ہے ؟ What Is Islam کے اجراء کے موقع پر کیا ۔ جناب نواب زاہد علی خاں مدیر روزنامہ سیاست نے کتاب کا اجراء کرتے ہوئے کہا اضطراب اور الزامات کا شکار اور نفسیاتی الجھنوں کی شکار ہماری نوجوان نسل کی ہمت باندھنا ملت کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔ ہماری نوجوان نسلیں مغربیت کے مرعوب ہورہی ہیں ۔ ان کو انداز فکر پر لادینیت کے اثرات نظر آنے سے پہلے منصوبہ بند طریقے سے فروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایمانی حرارت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نے کہا کہ ہماری طرز زندگی و فکر میں تبدیلی لانا ہے ۔ ہماری صلاحیتوں کو جو دشمن اسلام خفیہ سازشوں کے ذریعہ تفرقہ میں ڈال کر بحث و مباحثہ کی نذر ہورہی ہیں۔گھر گھر قرآن کی تعلیم ہر محلہ میں مدارس کا جال بچھانا ہے تاکہ اسلام کی عظمت کا جھنڈہ پھر سے بلند ہو ، یہ سب سے بڑی عقل مندی اور اعلیٰ ترین جدوجہد ہے اور دشمنان اسلام کا منہ توڑ جواب ہے ۔ کتاب اسلام کیا ہے ؟ یہ گھر بیٹھے بنیادی معلومات کا مکمل نصاب ہے ۔ یہ والدین ، سمر اسلامک سنٹرس کے لیے بنایا گیا نصاب ہے ۔ اس کو ڈاکٹر سراج ولا متصل جامع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر سے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔