جے این یو‘ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کی انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی
نئی دہلی ۔28مارچ ( پی ٹی آئی) ملک کی مختلف ٹیچرس تنظیموں کے فیڈریشن نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اپا راؤ کی برطرفی اور کیمپس میںطلبہ اور اساتذہ کے خلاف مابعد پولیس کارروائی کی عدالتی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ فیڈریشن آف سنٹرل یونیورسٹیز ٹیچرس اسوسی ایشن ( فیڈکوٹا) نے کیمپس میں کی گئی پولیس کارروائی کو دراصل تشدد بھڑکانے کی دانستہ کوشش قرار دیا ۔ اس فیڈریشن کی صدر نندیتا نارائن نے طلبہ اور اساتذہ کے خلاف درج شدہ مقدمات سے دستبرداری ‘ وائس چانسلر اپا راؤ کی برطرفی اور واقعات کی عدالتی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ۔ اسدوران جے این یو ‘ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور دیگر یونیورسٹیز کے طلبہ کے ایک وفد نے نئی دہلی میں قومی انسانی حقوق کمیشن کے ذمہ داروں سے ملاقات کی ۔ اس وفد نے بھی دلت اسکالر روہت ویملوہ کی خودکشی کے مسئلہ پر وائس چانسلر اپا راؤ کی برطرفی کا مطالبہ کیا ۔ جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کی نائب صدر شہلا راشد نے کہا کمیشن کے رجسٹرار سی کے چترویدی کو نمائندگی پیش کی گئی ۔ دیگر تمام واقعات کے علاوہ اُدئے بھانو کا واقعہ بھی بیان کیا گیا جس پر پولیس نے حملہ کیا تھا ۔ اس واقعہ کی سی ڈی ریکارڈنگ بھی انسانی حقوق کے حوالہ کی گئی ۔