نئی دہلی ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا ہے کہ بجٹ میں معلنہ اٹل پنشن یوجنا (اے پی وائی) یکم ؍ جون سے شروع کی جائے گی اور اس میں غیرمنظم شعبہ سے وابستہ افراد پر توجہ مرکوز ہوگی اور وہ 60 سال کی عمر کے بعد ماہانہ 5 ہزار روپئے وظیفہ کے حقدار ہوں گے ۔ وزارت فینانس نے ایک بیان میں کہا کہ سووالمبن اسکیم کے موجودہ صارفین ازخود اے پی وائی پنشن اسکیم میں منتقل ہوجائیں گے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو اے پی وائی کے تحت ماہانہ ایک ہزار تا 5 ہزار روپئے مقررہ پنشن حاصل ہوگی ۔ اس کا انحصار ان کی جمع کردہ رقم کے حصے اور عمر کے تفاوت پر ہوگا ۔ اے پی وائی میں شمولیت کیلئے کم از کم عمر 18 سال اور زیادہ سے زیادہ 40 سال ہوگی ۔ مقررہ پنشن کے فوائد کی ضمانت حکومت دے گی ۔