نئی دہلی 25دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی زندگی پر 25 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک فیچر فلم بنے گی۔ سوا دو گھنٹے کی یہ فلم ’یگ پروش اٹل‘کے نام سے بنائی جائے گی اور اگلے سال واجپائی کے 94ویں سالگرہ پر بن کر تیار ہوجائے گی۔ اسپیکٹرم موویز کے بینر تلے بننے والے جملہ 70 کردار ہوں گے اور اس کی موسیقی بپی لہری دیں گے ۔فلم کے ہدایت کار مینک شریواستو ، فلمساز رنجیت شرما نے یو این آئی کو بتایا کہ ابھی اس فلم کے لئے واجپائی جی کا کردار ادا کرنے والے اداکار کا انتخاب نہیں ہوا ہے لیکن پندرہ دنوں میں اس کا اعلان کردیا جائے گا۔ اس فلم کی اسکرپٹ وسنت کمار نے لکھی ہے جن کا تعلق دہلی سے ہے ۔ شریواستو اور شرما نے بتایا کہ ہم تھیٹر کے کسی اداکار کو واجپائی جی کا کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے ۔ اس فلم میں دس نسوانی کردار ہوں گے ۔