آٹھ مغربی ممالک عراقی کردوں کو ہتھیار فراہم کرنے پر تیار

واشنگٹن۔ 27 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) عراق میں تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ میں امریکہ سمیت آٹھ مغربی ممالک عراقی کرد فورسز کو ہتھیار فراہم کرنے پر تیار ہو گئے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے واشنگٹن میں بتایا کہ ان ملکوں میں امریکہ کے علاوہ کینیڈا، البانیہ، کروشیا، ڈنمارک، اٹلی، فرانس اور برطانیہ شامل ہیں۔ جان کربی نے کہا کہ یہ ریاستیں عراق میں اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے خلاف کرد جنگجوؤں کی مدد کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیاں شروع ہو چکی ہیں، جن میں آئندہ دنوں میں تیزی آ جائے گی اور اس عمل میں ممکنہ طور پر مزید ملک شامل ہو جائیں گے۔