حیدرآباد 23 ستمبر (پی ٹی آئی) شہر کے مضافات سے متصلہ ضلع رنگاریڈی کے ایک سنسان مقام پر ایک آٹو ڈرائیور نے انجینئرنگ کی ایک 19 سالہ طالبہ کی مبینہ طور پر عصمت ریزی کی۔ کیسرا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او پی گوراوا ریڈی نے کہاکہ شکایت کے مطابق اس جرم کا ارتکاب آج دن کے 10.30 بجے اور 11 بجے کے درمیان کیا گیا جب بی ٹیک سال اول کی ایک طالبہ جو آٹو ڈرائیور نریش کو جانتی تھی اس کے آٹو رکشا میں سوار ہوئی تھی۔ ملزم نے اس کو ایک سنسان مقام پر لیجاکر مبینہ طور پر عصمت ریزی کی۔ پولیس افسر نے کہاکہ ’’اس لڑکی نے آٹو رکشا سے لفٹ مانگی تھی کیونکہ وہ آٹو ڈرائیور نریش کو جانتی تھی۔ اس واقعہ کے بعد متاثرہ لڑکی نے ایک دوسری طالبہ کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہونچ کر شکایت درج کروائی جس کی بنیاد پر عصمت ریزی کا ایک مقدمہ درج کرلیا گیا‘‘۔ ملزم آٹو ڈرائیور کو پکڑنے کے لئے تلاش شروع کردی گئی ہے اور لڑکی کو طبی معائنہ کے لئے ہاسپٹل روانہ کردیا گیا۔