مسافرین کے لئے آٹو میں تمام حفاظتی انتظامات، شکایت کے لئے فون نمبر اور خطرہ کی صورت میں پینک بٹن
حیدرآباد ۔13 مارچ( سیاست نیوز ) روزمرہ کی زندگی میں آمد ورفت کے لئے کام میںآنے والے آٹو رکشاء اب ایک فون کال کے منتظر ہیں۔ جیسے ہی آپ فون کریں گے آپ کے لئے ایک آٹو بُک کردیا جائے گا۔یہ سہولت ٹھیک اُسی طرح ہے جس طرح شہر میں ٹکسی سرویس چلائی جارہی ہے۔آپ کو صرف کرنا یہ ہے کہ آٹو سیوا (Auto Seva) کے 7680060066 نمبر پر فون کرنا ہوگا اور آپ کے موجودہ مقام اور جہاں آپ جانا چاہتے ہیں وہ مقام بتانا ہوگا۔بس آپ کے مقام پر آدھے گھنٹہ میں آٹو دستیاب رہے گا۔اس کے علاوہ سفر کرنے کا صحیح وقت کا تعین کرنا بہت ضروری ہے ۔ اگر آٹو آپ کے پیک اپ مقام پر حاضر ہوجائے اور انتظار کرے تب آپ کو انتظار کرانے کی اضافی قیمت اد ا کرنی پڑے گی، جو ویٹنگ چارج کہلاتا ہے۔آٹو آپ کے پیک اپ مقام پر آنے کے بعد میٹر ڈالا جائے گا اور جس مقام پر آپ آٹو سے اُتر جائیں گے اُس مقام تک جتنا میٹر چارج ہوگا صرف اتنی ہی قیمت آپ کو ادا کرنی ہوگی ، آٹو ڈرائیور آپ سے اضافی روپیوں کی درخواست نہیں کریگااور نہ ہی مسافروں سے کرایے کے معاملے میں بحث وتکرار ہوگی کیونکہ آٹو ڈرائیور کا نام ، پتہ ، گاڑی کا نمبر وغیرہ سب تفصیلات اس کمپنی کے پاس ہوتے ہیں اورآٹو میں شکایت کے لئے ایک فون نمبر بھی چپساں رہے گا۔جس کے ذریعے آپ آٹو ڈرائیور کے خلاف شکایت بھی کرسکتے ہیں۔
اگر اس آٹو کے خلاف کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو کمپنی اس کے خلاف سخت کاروائی کرتی ہے۔اس کے علاوہ مسافرین کو کسی خطرے کا اندیشہ ہوتو آٹو کے میٹر پر ایک پینک بٹن موجود رہتا ہے جس کو دبانے سے کمپنی کو پتہ چلتا ہے کہ آٹو ڈرائیور نے مسافرکو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔کمپنی فوری حرکت میں آتے ہوئے آٹوکے مقام پر پولیس کو روانہ کریگی۔Autoseva سے جڑے آٹو رکشاء میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ کے حساب سے ایک میٹر موجود رہتا ہے۔آٹو میٹر میں سفر کے کیلو میٹر کے حساب سے ہی کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔حال ہی میں حکومت نے آٹو رکشاء کا کرایہ کم از کم 20 روپے کردیا ہے جو 1.8 کیلو میٹر سفر کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔اس کے بعد ہر ایک کیلو میٹر کے لئے 11 روپے چارج کیا جائے گا۔اور ویٹنگ یعنی سواری کے درمیان انتظار کے لئے ہر پندرہ منٹ کے لئے 5روپے چارج کئے جائیں گے۔یہ کرایہ 14فروری سے شہر کے سبھی تین پہیوں والے آٹوز میں لاگو ہوچکا ہے۔کمپنی کی جانب سے آٹو رکشاء ڈرائیوروں کو کئی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیںتاکہ یہ لوگ عوام کو راحت پہنچا سکے۔ مسافروں سے آٹو ڈرائیوروں کا برتاؤ نہایت ہی ملنساراور بہ ادب رہیگا۔سب سے پہلے یہ لو گ روپے نہیں مانگے گے اور دوسری جانب آپ کے پیک اپ اور ڈراپ کے مقام تک جتنا میٹر ہوگا صرف اتنی ہی قیمت لیں گے۔آٹو ڈرائیورس کرایہ کے معاملوں میں مسافروں سے بدسلوکی سے بھی پیش نہیں آئینگے ۔اس نئی سرویس سے کئی افراد کا فائدہ ہورہا ہے جو روزمرہ کے کاموں کے لئے آٹو کا استعمال کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ مریضوں کو اسپتال جانے کے لئے کافی سہولت میسر رہے گی۔ روزآنہ آفس کے لئے آٹو میں سفر کرنے والوںکے لئے یہ سہولت ایک نعمت سے کم نہیں ہے۔ایک خاتون نے ہمیں بتایا کہ یہ سرویس پرانے شہر میں ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ پرانے شہر کے آٹوڈرائیورس دگنا کرایہ طلب کرتے ہیں اور مسافر جب تک اضافی کرایہ ادا کرنے کے لئے رضامند نہ ہو ں تب تک سواری نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بابا نگر سے جہاں نما سفر کرنے کے لئے ایک آٹو ڈرائیور کو 120روپے کرایہ ادا کیا ہے جبکہ میٹر صرف 50روپے ہوتا ہے۔
اس سیوا کے استعمال سے مسافرین بے حد محفوظ بھی ہیں کیونکہ اس سیوا سے جڑے آٹو میں ایک ایسی الکٹرانک چپ لگائی گئی ہے جو آٹو کی نقل وحرکت کے بارے میں کمپنی کو آگا ہ کرتی ہے ۔کمپنی کے کمپیوٹر میں آٹو سے متعلق تمام تر معلومات ریکارڈ رہتیں ہیں جس کی وجہ سے آٹو ڈرائیور مسافرین سے کوئی دھوکہ دہی نہیں کرسکتے ہیں۔آٹو میٹر میں ہیرا پھیری کرنے کی بھی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ کمپنی حکومت کی جانب سے دئے گئے ضابطہ کے مطابق میٹر وں کو Seal لگائی ہے، جس کی وجہ سے آٹو میٹر میں چوری کرنے کا کوئی موقع نہیں رہتا ہے۔ ایک طرف مسافرین کے لئے راحت ہے تو دوسری طرف آٹو ڈرائیوروں کے لئے یہ سیوا کافی مددگار ہے ۔ اس سیوا سے جڑے آٹو ڈرائیورس کو سواری کی تلاش میں اِدھر اُدھر بھٹکنا نہیں پڑتا ہے اور خاص بات تو یہ ہے کہ آٹو ڈرائیورس کو ماہانہ 12 تا 15ہزار روپیوں کی آمدنی ہوجاتی ہے ۔ اس طرح یہ سرویس آٹو ڈرائیوروں اور ان کے افراد خاندان کو خوشحال زندگی گذارنے میںمعاوین ثابت ہورہی ہے۔