آٹوز سے حادثات کے بعد ٹیکسی کے ذریعہ سفر کو ترجیح

شہریوں میں کیاب خدمات اطمینان بخش متصور، سفر خرچ بھی کم
حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) عطاپور میں آٹو ڈرائیور کی لا پرواہی کے سبب خاتون کو پیش آئے حادثہ اور اس حادثہ سے قبل شمشیر گنج سڑک پر پیش آئے آٹو کے حادثہ میں ایک شخص کی ہلاکت نے شہریوں میں آٹو کے متبادل کی حوصلہ افزائی شروع کردی ہے۔ آٹو رکشا سے ہونے والے حادثات کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اب آٹو رکشا کا متبادل موجود ہونے کے سبب لوگوں نے اولا اور اوبر کے استعمال کو ترجیح دینی شروع کردی ہے۔ حیدرآباد میں OLAاورUBERکی خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی آٹو رکشا ڈرائیورس کی جانب سے اس کی مخالفت کی جانے لگی تھی کیونکہ یہ سواری آٹو سے سستی ہونے لگی ہے اور اس میں میٹر کا کوئی جھنجھٹ نہیں ہے اسی لئے لوگوں نے اولا اور اوبر کا استعمال شروع کردیا جس کے نتیجہ میں آٹو ڈرائیورس کا کاروبار کچھ حد تک متاثر ہوا تھا لیکن عطاپور میں پیش آئے حادثہ کو قومی ٹیلی ویژن چیانلس پر جگہ ملنے اور آٹو ڈرائیورس کے رویہ پر عوامی برہمی کے سبب لوگوں میں اولا اور اوبر کے استعمال میں اضافہ ہوتا دیکھا جا رہا ہے۔ دونوں شہروں میں کیاب کی ان سروس کے متعلق عوام میں مثبت رائے پائی جاتی ہے کیونکہ ان سواریوں کومحفوظ تصور کیا جانے لگا ہے اور انہیں مزید محفوظ بنانے کے لئے ان کمپنیوں کی جانب سے ہنگامی حالات کے بٹن ایپلیکیشن میں روشناس کروائے جانے کے بعد حالات میں مزید بہتری پیدا ہوئی ہے۔ ابتداء میں ان کیاب ڈرائیورس کی جانب سے چھیڑچھاڑ کے واقعات بھی منظر عام پر آئے تھے اور ان واقعات کے بعد کمپنیوں کی جانب سے کی جانے والی کاروائی اور اقدامات سے عوامی اعتماد بحال ہوچکا ہے اور لوگ کیاب خدمات کا استعمال کرنے لگے ہیں۔ آٹو ڈرائیورس برادری کا کہنا ہے کہ ہر آٹو ڈرائیور کو غلط سمجھنا درست نہیں ہے کیونکہ چند آٹو ڈرائیورس کی سزاء ساری برادری کو برداشت کرنی پڑتی ہے۔ اسی لئے شہر میں اب بھی کئی ایسے آٹو ڈرائیورس ہیں جو صحیح میٹر اور مسافر کی مرضی کے مقام پر اسے پہنچانے سے انکار نہیں کرتے لیکن اس کے باوجود ٹکنالوجی سے واقف لوگ اوبر اور اولا کو ترجیح دیتے ہوئے ان کے ذریعہ سفر کررہے ہیں۔شہری حدود کے علاوہ شہر کے نواحی علاقوں میں سفر کیلئے بھی ان کیابس کی خدمات سے استفادہ کرنے سے لوگ خائف نہیں ہیں کیونکہ ان کیابس کے ایپلیکیشن کے ذریعہ کار کے سفر اور اس کے لوکیشن کی مکمل اطلاع بک کروانے والے فون پر ایپلیکیشن میں مسلسل دکھائی جاتی رہتی ہے۔ شہریوں میں اس بات کا بھی احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ رات کے اوقات میں بھی کیاب کی خدمات آٹو کے مقابلہ سستی پڑ رہی ہے جس کی وجہ سے رات کے اوقات میں بھی اولا اور اوبر کے کاروبار عروج پر ہیں۔