حلیم فروختگی میں حیدرآباد ، ہندوستان میں سرفہرست، مستقبل میں خدمات میں مزید توسیع دینے کمپنیوں کا عزم
حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) ہوٹل و ریستوراں پہنچ کر اشیائے خورد و نوش کے استعمال میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جاتاہے لیکن جاریہ سال ریستوراں اور اشیائے خورد و نوش کے مقامات پر بھیڑ بھاڑ سے زیادہ ان ہوٹلوں کو حاصل ہونے والے آن لائن آرڈرس پر توجہ مرکوز رہی۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے دوران گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال آن لائن آرڈر کرتے ہوئے اشیائے خورد و نوش منگوانے والوں کی تعداد میں 100فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے کیونکہ موبائیل ایپلیکیشن کے ذریعہ اشیائے خورد و نوش منگوانے کے چلن میں ہونے والے اضافہ کے سبب حلیم کے آرڈرس میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آن لائن اشیائے خورد ونوش سربراہ کرنے والی کمپنی Swiggyکی جانب سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں جو حلیم فروخت ہوتی ہے اس میں 80فیصد حلیم صرف حیدرآباد میں فروخت کی جاتی ہے اوراس کے بعد بنگلور کا نمبر آتا ہے جبکہ تیسرے نمبر پر چینائی ہے۔ Swiggyکے ذمہ داروں کے مطابق شہر حیدرآباد ہندستان میں سرفہرست شہر ہے جہاں حلیم سب سے زیادہ فروخت کی جاتی ہے اور اس فروخت میں جاریہ سال آن لائن پر 100فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آن لائن حلیم کے علاوہ دیگر اشیائے خورد و نوش کی فروخت کے سلسلہ میں ان ایپلیکیشنس کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ہوٹل تک پہنچنے کے بجائے لوگوں میں گھر بیٹھے آر ڈر کرتے ہوئے اپنی پسندیدہ حلیم منگوانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جسے دیکھتے ہوئے Zomatoاور Swiggy جو آن لائن اشیائے خورد و نوش کی سربراہی کا کام انجام دیتے ہیں ان کی جانب سے پرکشش پیشکش اور رعایتیں بھی دی گئیں جس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دونوں شہروں میں 250 سے زائد ایسی ہوٹلوں کی جانب سے حلیم فروخت کی گئی جو کہ آن لائن آر ڈر حاصل کرتے ہوئے ZomatoیاSwiggy کے ذریعہ سربراہ کرتی ہیں۔ ہوٹل مالکین کا کہناہے کہ عوام کے اصرار اور طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے آن لائن حلیم کی سربراہی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور آئندہ اس طریقہ کار میں مزید اضافہ کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے کیونکہ اندرون ایک سال اس رجحان میں 100فیصد سے زیادہ اضافہ اس بات کا غماز ہے کہ عوامی رجحانات تبدیل ہورہے ہیں۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران حلیم کے علاوہ بریانی ‘ چکن تندوری‘ بٹر چکن‘ تندوری روٹی ‘ چکن 65اور دیگر اشیائے شہریان حیدرآباد کی مرغوب غذاؤں میں شامل تھی جو آن لائن آرڈر کرتے ہوئے منگوائی گئی ۔ بتایاجاتاہے کہ شہر کے سرکردہ برانڈ کی حلیم آن لائن منگوانے کے علاوہ بیف اور چکن کی حلیم کی بھی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آن لائن حلیم و دیگر اشیائے خورد و نوش کی سربراہی کو یقینی بنانے والی کمپنیو ںکے علاوہ ہوٹلوںکے ذمہ داروں کی جانب سے اس رجحان کے سلسلہ میں مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا جا رہاہے تاکہ اس طریقہ فروخت کو حاصل ہونے والے فروغ کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔