آن لائن حج درخواستیں داخل کرنے کی 12دسمبر آخری تاریخ

خانہ پری کے بعد درخواست کی ہارڈ کاپی لازماًحج کمیٹی میں داخل کی جائے: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد 9دسمبر ( پریس نوٹ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا ہے کہ حج 2019 کے آن لائن درخواست فارم داخل کرنے کے لئے 12 دسمبر آخری تاریخ مقرر ہے ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج کے درخواست فارم کی آن لائن خانہ پری اور وصولی کے لئے حج ہاؤز میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں‘ تاہم منگل 11دسمبر کو دفتر حج کمیٹی کو تعطیل رہے گی اور حج کمیٹی میں صرف پیر 10دسمبر اور چہارشنبہ12دسمبر کو باوقات 10:30بجے صبح تا 5بجے شام تک مہیا رہے گی آن لائن کی سہولت حاصل رہے گی۔ درخواست گزارجلد از جلد آن لائن درخواستیں داخل کردیں اور اس کی ہارڈ کاپی ضروری دستاویزات منسلک کرتے ہوئے دفتر حج کمیٹی میںلازماً داخل کردیں۔ بعض افراد نے آن لائن درخواستیں داخل کی ہیں لیکن اس کی ہارڈ کاپی حج کمیٹی میں داخل نہیں کی ہے ‘ کور نمبر جاری کرنے کے لئے ہارڈ کاپی داخل کرنا لازمی ہے ‘ اس کو نظر انداز نہ کریں۔اضلاع کے درخواست گزار متعلقہ ڈسٹرکٹ حج سوسائٹی کے پاس ہارڈ کاپی داخل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست گزاروں کے پاس 12دسمبر یا اس سے قبل کا جاری کردہ مشین سے پڑھا جانے والا پاسپورٹ ہو‘ جو 31جنوری 2020 تک کارکرد ہونا چاہئے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ایک فارم میں پانچ افراد کے نام شامل کرنے کی گنجائش مہیا کی جارہی ہے ان کے ساتھ دو شیر خوار بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔درخواست داخل کرنے کے لئے حج ہاؤز کو آتے وقت اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی‘ اگر موجودہ پتہ پاسپورٹ میںدرج پتہ سے الگ ہو تو ایڈریس پروف‘ ایک عدد کینسل شدہ چیک یا بینک پاس بک کی کاپی‘ پروسسنگ فیس کی ادائیگی کا چالان اور ایک عدد فوٹو کے علاوہ نامینی کی تفصیلات ساتھ لائیں۔ جن افراد کی عمر 70 سال ہوچکی ہو ان کا بغیر قرعہ اندازی کے راست انتخاب عمل میں آئے گا ۔ تفصیلات کے لئے فون نمبر 040-23298793 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ حج فارم www.hajcommittee.gov.in پر داخل کئے جاسکتے ہیں اور یہ سائیٹ کھولنے کے بعد تمام ہدایات یکے بعد دیگرے اسکرین پر ظاہر ہوجائیں گی۔ آن لائن درخواست کی کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کردیں۔