حیدرآباد 9 فبروری (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے خاتون ارکان اسمبلی نے آنگن واڑی ورکرس کو دی جانے والی اُجرت میں اضافہ کرنے مراکز کیلئے مستقل عمارتوں کی تعمیر کو یقینی بنانے اور مقررہ وقت پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ اس سلسلہ میں پارٹی کے خاتون ارکان اسمبلی شریمتی اے اوما مادھو ریڈی، ستیہ وتی راتھوڑ، سیتا دیاکر ریڈی، پریٹالہ سنیتا، ڈی انوسویا، سمن راتھوڑ، اے اناپورنما، کے للیتا اور ایچ ہیمالتا نے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کو ایک مکتوب تحریر کرکے روانہ کیا۔ مکتوب میں مزید بتایا گیا کہ ریاست میں پائے جانے والے آنگن واڑی مراکز میں 80 فیصد مراکز کو مستقل عمارتیں نہ ہونے کی وجہ سے خانگی چھوٹی عمارتوں میں مراکز چلانے میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ان خاتون ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر کو واقف کروایا کہ تغذیہ بخش غذا غریب عوام بشمول حاملہ خواتین کو فراہم کرنے کیلئے اور بچوں کی اموات کی شرح میں کمی کرنے کے مقصد سے قائم کردہ آنگن واڑی مراکز کی نگہداشت و کارکردگی کو بہتر بنانے میں ریاستی حکومت کی مبینہ غفلت و لاپرواہی پر سخت اعتراض کیا
اور کہاکہ آنگن واڑی مراکز میں کئی ایک کوتاہیاں و خامیاں پائی جاتی ہیں۔ ان تمام کی تفصیلات مکتوب کے ذریعہ واقف کروایا گیا اور اس بات کی خواہش کی گئی کہ اس مکتوب کی روشنی میں فی الفور مؤثر و مثبت اقدامات کریں۔ ان ارکان اسمبلی نے بتایا کہ آنگن واری مراکز کیلئے تغذیہ بخش غذا سربراہ نہیں کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں کئی آنگن واڑی مراکز میں انڈے فراہم نہیں کئے جارہے ہیں۔ ارکان اسمبلی نے آنگن واڑی ورکرس کو انتہائی کم تنخواہ دینے اور یہ تنخواہ بھی ہر ماہ نہ دیئے جانے سے بھی واقف کرواتے ہوئے آنگن واڑی ورکرس کیلئے ماہانہ تنخواہ میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماہانہ یہ تنخواہ انھیں ادا کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔