حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( این ایس ایس ) : آنگن واڑی ورکرس نے ان کے دیرینہ زیر التواء مسائل کو فوری حل کرنے کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے آج یہاں اندرا پارک پر ایک بڑا دھرنا شروع کیا اگرچیکہ مختلف اضلاع سے بسوں اور ٹرینس کے ذریعہ حیدرآباد آنے والے آنگن واڑی ورکرس کو پولیس نے حراست میں لیا تاہم ان کی ایک بڑی تعداد دھرنا چوک ، اندرا پارک پہونچنے میں کامیاب ہوئی اور انہوں نے اس دھرنا پروگرام میں حصہ لیا ۔ قبل ازیں آنگن واڑی قائدین کی جانب سے کی گئی ’ چلو حیدرآباد ‘ اپیل کے پیش نظر سٹی پولیس نے اندرا پارک پر سیکوریٹی سخت کردی اور بڑی تعداد میں سیکوریٹی فورس کو تعینات کیا گیا ۔
حالانکہ حیدرآباد سنٹرل زون ڈپٹی کمشنر آف پولیس کملاسن ریڈی نے کہا کہ اندرا پارک پر آنگن واڑی ورکرس کے دھرنا پروگرام کے لیے کوئی اجازت نہیں دی گئی پھر بھی دھرنا چوک جانے والی تمام سڑکوں اور گلیوں میں احتجاجی ورکرس کا ہجوم تھا ۔ تلنگانہ کے تلگو دیشم پارٹی قائد ای دیاکر راؤ اور رکن قانون ساز کونسل ناگیشور نے آنگن واڑی ورکرس کے ایجی ٹیشن کی بھر پور تائید و حمایت کی ۔ اشوک نگر چوراہا پر جب پولیس نے سیاسی قائدین کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو آنگن واڑی ورکرس نے مین روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی وجہ گاڑیوں کی آمد و رفت رک گئی ۔ انہوں نے حراست میں لیے گئے سی آئی ٹی یو قائدین کی بھی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔۔