نئی دہلی۔3 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر صنعت و تجارت آنند شرما توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ پاکستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ انڈیا شو کے افتتاح کے علاوہ اپنے پاکستانی ہم منصب خرم دستگیر خان سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزارت تجارت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’وزیر تجارت توقع ہے کہ لاہور میں ’انڈیاشو‘ کا افتتاح کریں گے اور پاکستانی وزیر تجارت سے اسلام آباد میں باہمی بات چیت کریں گے ،
توقع ہے کہ وہ 14 تا 16 فبروری پاکستان میں رہیں گے ‘‘۔آنند شرما اورخرم دستگیر خان نے تقریباً ایک سال کے وقفہ کے بعد یہاں ملاقات کی تھی اور جانبین نے انتہائی پسندیدہ ملک کے موقف کے بجائے غیرامتیازی مارکٹ رسائی پروگرام سے اتفاق کیا تھا ، علاوہ ازیں واگھا ۔ اٹاری سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا تھا ۔