محترمہ نجمہ ہبت اللہ مرکزی وزیر اقلیتی امور کی صدارت میں سنٹرل وقف کا اجلاس
حیدرآباد۔2 ۔ فروری (سیاست نیوز) سنٹرل وقف کونسل نے آندھراپردیش وقف بورڈ کی عاجلانہ تقسیم سے اتفاق کرلیا ہے ۔ نئی دہلی میں آج سنٹرل وقف کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی وزیر اقلیتی امور محترمہ نجمہ ہپت اللہ نے کی ۔ اجلاس میں ملک بھر کی اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کی ترقی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر نے وقف بورڈ کی عاجلانہ تقسیم کی جانب کونسل کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش دو علحدہ ریاستوں کے قیام کے بعد وقف بورڈ کی تقسیم ناگزیر ہوچکی ہے ۔ بورڈ کی تقسیم سے دونوں ریاستوں میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں چاہتی ہیں کہ تقسیم کا عمل جلد مکمل کیاجائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں جوائنٹ سکریٹری محکمہ اقلیتی امور حکومت ہند راکیش موہن کے حالیہ دورہ حیدرآباد کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے اوقافی امور کا جائزہ لیتے ہوئے بورڈ کی جلد تقسیم کا تیقن دیا تھا۔ سنٹرل وقف کونسل کے عہدیداروں نے یقین دلایا کہ وقف بورڈ کی تقسیم اندرون ایک ماہ مکمل کرلی جائے گی ۔ بعد میں جناب جلال الدین اکبر نے انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی۔ ادارہ کی جانب سے ہر سال مختلف ریاستوں میں مسلم طلبہ کو روزگار سے مربوط کورسس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پیرا ملٹری فورسس میں تقررات کیلئے مسلم نوجوانوں کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں ابتدائی درجہ سے گروپ بی درجہ تک تقررات کے سلسلہ میں کلچرل سنٹر کی جانب سے ٹریننگ دی جاتی ہے جس کا سارا خرچ کلچرل سنٹر کے ذمہ دار برداشت کرتے ہیں۔ جناب جلال الدین اکبر کی نمائندگی پر ذمہ داروں نے حیدرآباد میں بھی مسلم نوجوانوں کو ووکیشنل اور دیگر کورسس میں ٹریننگ فراہم کرنے سے اتفاق کیا ۔انہوں نے تیقن دیا کہ وہ بہت جلد حیدرآباد کا دورہ کریں گے اور ڈپٹی چیف منسٹر اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں مشاورت کے بعد ٹریننگ پروگراموں کو قطعیت دی جائے گی۔ انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے سربراہ جناب سراج الدین قریشی اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔