چیف منسٹر چندرا بابو کا کابینی اجلاس سے خطاب، وزراء کو عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ہدایت
حیدرآباد /22 مئی (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے یو پی اے حکومت پر بغیر دارالحکومت کے زبردستی ایک جوڑے کے ساتھ آندھرا پردیش روانہ کردینے کا الزام عائد کیا۔ واضح رہے کہ آج چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں آندھرا پردیش کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزراء کی ایک سالہ کار کردگی کا جائزہ لیتے ہوئے وزراء کو اپنے اپنے محکمہ جات کے مسائل اور ان کے حل پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس دوران مسٹر نائیڈو نے کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے سیاسی اغراض کی تکمیل کے لئے آندھرا پردیش کے مفادات کو نظرانداز کردیا اور پارلیمنٹ میں صرف آدھا گھنٹہ میں تلنگانہ کا بل منظور کرتے ہوئے دارالحکومت اور دیگر سہولتوں کے بغیر ایک جوڑے میں ہمیں آندھرا پردیش منتقل کردیا۔ علاوہ ازیں دارالحکومت کے انتخاب کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے کر اس کو مزید پیچیدہ بنادیا گیا، بالآخر ہم نے دارالحکومت کے سلسلے میں جو فیصلہ کیا، اسے آندھرا پردیش کے عوام نے قبول کیا۔ انھوں نے کہا کہ تقسیم ریاست کے ایک سال کی تکمیل کے باوجود تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت آندھرا پردیش کے ساتھ کسی بھی مسئلہ میں تعاون کرنے تیار نہیں ہے۔ اب بھی جذباتی مسائل کو ابھارکر سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تلگودیشم حکومت عوامی مسائل پر تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ 2 جون کو جشن تقاریب کا اہتمام کرنے کی بجائے آندھرا پردیش کی تعمیر نو کے لئے مل جل کر کام کرنے کے لئے حلف تقاریب کے اہتمام کی ضرورت ہے۔ انھوں نے حکومت کے پروگرامس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے طلبہ، سرکاری ملازمین اور اساتذہ کو مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ طورپر کام کرتے ہوئے آندھرا پردیش کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، جب کہ تقسیم ریاست کا عوامی زندگی پر بہت بڑا اثر ہوا ہے اور اس موقع پر پیش آنے والے حالات کے صدمہ سے عوام اب بھی نہیں نکل سکے۔ انھوں نے کہا کہ کابینہ میں ایرویز، فوڈ پراسیسنگ اور مائننگ پالیسیوں کے علاوہ زرعی اور مارکٹنگ پالیسی کو بھی منظوری دی گئی۔ ضلع پرکاشم میں عصری ٹیکنالوجی پر مشتمل ڈرائیونگ اسکول قائم کرنے کے لئے 20 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منظوری دی گئی، جب کہ ضلع گنٹور میں کمپنی قائم کرنے کے لئے 28 ایکڑ اراضی کو منظوری دی گئی۔