آندھراپردیش کے صدر مقام کو عالمی طرز کا بنانے کا اعادہ

تقسیم ریاست کے بعد ریاست کے ساتھ ناانصافی، ڈپٹی چیف منسٹر کے ای کرشنا مورتی کا ادعا
حیدرآباد 5 اپریل (این ایس ایس) ڈپٹی چیف منسٹر ریاست آندھراپردیش مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے کہاکہ آندھراپردیش کا صدر مقام ملک کی اہم اور ترقی یافتہ شہروں کی طرز پر ترقی یافتہ رہے گا۔ اُنھوں نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے عوام متحدہ آندھراپردیش ریاست کی تقسیم کے تین سال بعد آندھراپردیش ریاست کے نئے صدر مقام کی غیرمعمولی ترقی کے متصرف رہیں گے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ آندھراپردیش ریاست کا نیا صدر مقام امراوتی رہے گا جس کو عالمی سطح کے معیاری اور اہم شہروں کے خطوط پر ترقی یافتہ رہے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے آندھراپردیش ریاست کی عوام پر عائد کردہ روڈ ٹیکس کے خلاف عدالت سے رجوع ہوگی کیونکہ گورنر نے اس مسئلہ پر فی الحال کوئی پہل نہیں کی ہے۔ مسٹر کے ای کرشنا مورتی نے بتایا کہ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے نئی دہلی میں بتایا کہ متحدہ آندھراپردیش ریاست کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ علیحدہ ہائیکورٹ کے قیام کے لئے حکومت مرکز کے فیصلہ پر قائم رہے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس بات کا ادعا کیاکہ امراوتی میں نئے صدر مقام اور ہائیکورٹ کی تعمیراتی کاموں کا بہت جلد آغاز ہوگا جہاں پر تمام جوڈیشیل عہدیداروں کو تمام بنیادی ضرورتیں فراہم کی جائیں گی۔