آندھراپردیش کی ترقی کیلئے ممکنہ تعاون کا سنگاپور کا وعدہ

چندرابابو نائیڈو کی وزیراعظم ہسین لونگ سے بات چیت
حیدرآباد 22 ستمبر (پی ٹی آئی) سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسین لونگ نے آج کہاکہ آندھراپردیش کی ترقی کے لئے اُن کی حکومت بھرپور مدد کرے گی اور مختلف شعبوں میں مہارت کا تبادلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم لونگ نے اپنے ملک کے دورہ پر آئے ہوئے آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے بات چیت کے دوران یہ وعدہ کیا۔ چندرابابو نے لونگ کو اپنی ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے 22 اکٹوبر کو منعقد شدنی سرکاری تقریب میں شرکت کی شخصی طور پر دعوت دی۔ حکومت آندھراپردیش کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سنگاپور کے وزیراعظم نے چیف منسٹر کی دعوت پر مثبت جواب دیا اور کہاکہ وہ امراوتی کی تعمیر کے لئے رسم سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کی ممکنہ کوشش کریں گے‘‘۔ چندرابابو نائیڈو نے اپنی ریاست کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے سنگاپور کے وزیراعظم کو سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دینے کے مقصد سے یہ دورہ کیا تھا جہاں اُنھوں نے اپنے خوابوں کے شہر کی تعمیر پر متعلقہ حکام سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔ حکومت نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی وجئے دشمی کے موقع پر 22 اکٹوبر کو امراوتی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ چندرابابو نائیڈو نے سنگاپور کے صنعت کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہاکہ اُن کی ریاست میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے فضاء سازگار ہے۔