وشاکھاپٹنم ؍ بھوبنیشور 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے طوفان سے متاثرہ آندھراپردیش کیلئے 1000کروڑ روپئے کی عبوری راحت کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے بدترین متاثرہ شہر وشاکھاپٹنم کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے طوفان ہدہد کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کے لئے فی کس 50 ہزار روپئے کی رقم کا بھی اعلان کیا۔ اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ مختلف وزارتوں سے وابستہ مرکزی عہدیدار بہت جلد یہاں کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیں گے اور عام حالات کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ بنیادی ضروریات جیسے پانی اور برقی کی بحالی حکومت کی اوّلین ترجیح ہوگی۔ نقصانات کا حقیقی تعین بعد میں کیا جائے گا۔ تاہم وہ عبوری راحت کے طور پر ایک ہزار کروڑ روپئے کی رقم کا اعلان کررہے ہیں۔ نریندر مودی نے کہاکہ حال ہی میں ویزاگ کو اسمارٹ سٹی بنانے کی بات کی جارہی تھی جس پر وہ خوشی سے سرشار تھے لیکن اب اِس بحران نے اُنھیں بیحد متاثر کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم جلد اِس صورتحال سے باہر نکلیں گے۔ حکومت اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ عوام کی مدد کے لئے تیار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں کو کافی نقصان ہوا اور جامع سروے کے بعد اُن کے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت مؤثر اقدامات کرے گی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے طوفان کے بارے میں درست پیش قیاسی کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے صحیح اور مؤثر استعمال کی بناء مرکزی و ریاستی حکومتوں کو صورتحال سے نمٹنے میں کافی مدد ملی۔ اُنھوں نے کہاکہ طوفان کے بارے میں وقت اور اُس کی رفتار کے ساتھ ساتھ سمت کا درست تعین کیا گیا تھا۔ یہ تمام پیش قیاسیاں بالکل درست ثابت ہوئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی نے بحران سے نمٹنے میں کافی معاونت کی ہے۔ نریندر مودی نے کہاکہ قدرتی آفات کے معاملہ میں مرکز اور ریاستی حکومت کو مل کر کام کرنا چاہئے اور طوفان ہدہد نے یہ ثابت کردیا ہے کہ انتہائی سنگین مسئلہ سے بھی متحدہ طور پر کامیابی کے ساتھ نمٹا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انشورنس کمپنیوں سے کہا جائے گا کہ وہ نقصانات کا سروے کرتے ہوئے جلد از جلد ادعا جات کی یکسوئی کریں۔ نریندر مودی نے کہاکہ مرکز اور آندھراپردیش حکومت نے باہمی رابطہ مؤثر انداز میں برقرار رکھا اور گزشتہ 5 دن کے دوران ہر لمحہ ہم ایک دوسرے سے ربط رکھے ہوئے تھے۔ اِس کی وجہ سے طوفان کے چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملی جس میں 21 افراد ہلاک ہوئے اور ساحلی علاقوں میں کافی تباہی ہوئی۔ نریندر مودی نے طوفان سے متاثرہ عوام کی ممکنہ مدد کا وعدہ کرتے ہوئے کہاکہ اُن کا سانحہ اور غم ہمارا سانحہ ہے۔ اُنھوں نے عوام کے حوصلے کی ستائش کی جو اِس قدر بھیانک تباہی کے باوجود صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ مودی نے کہاکہ وشاکھاپٹنم کے دورہ کے موقع پر اُنھوں نے محسوس کیاکہ عوام میں غیرمعمولی جذبہ اور حوصلہ پایا جاتا ہے اور وہ اِنھیں سلام کرتے ہیں۔ مودی نے وشاکھاپٹنم کے دورہ کے بعد ٹوئٹر پر یہ بات لکھی۔ ساتھ ہی ساتھ اُنھوں نے مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ خدا اُنھیں صبر و حوصلہ عطاء فرمائے۔