ڈاؤس میں سرمایہ کاروں کو کامیاب ترغیب: چندرابابو نائیڈو
حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ اُنھوں نے ریاست کی ایک منفرد پہچان بنانے اور اِس کی تشہیر کے مقصد سے ہی ڈاؤس کا دورہ کیا ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ کئی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں نے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری سے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وہ ڈاؤس سے واپسی کے بعد آج تیسرے دن سکریٹریٹ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وال مارٹ نے 5 اُمور میں آندھراپردیش کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اِس کے علاوہ شری سٹی میں ’’پیپسی‘‘ نے ماہ مارچ سے اپنی کارکردگی کا آغاز کرنے کا واضح طور پر تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اِس دورہ میں اُنھیں جملہ 35 پروگرامس میں شرکت کا موقع ملا۔ زرعی شعبہ اور ڈاکرا خواتین کی تیار کردہ اشیاء کو ’’برانڈ‘‘ کی شکل دینے سے وال مارٹ نے اتفاق کیا۔ اُنھوں نے لولو، وال مارٹ، گوگل اور انفوسیس کے نمائندہ سے ہوئی تفصیلی بات چیت کا ذکر کیا اور کہاکہ اِس موقع پر اُنھوں نے آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ حکومت آندھراپردیش بہت جلد وپرو کے ساتھ ’’ای گورننس‘‘ جائنٹ وینچر شروع کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ نئی ریاست آندھراپردیش میں نت نئے مسائل پائے جاتے ہیں، اِس کے باوجود حکومت مؤثر اقدامات کررہی ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وافر مواقع ہیں۔ اُنھوں نے یہ بھی انکشاف کیاکہ ہیرو کمپنی آئندہ ماہ آندھراپردیش میں اپنا یونٹ قائم کررہی ہے۔ اِسی طرح ضلع اننت پور کے ہندو پور میں سنتور صابن کی تیاری کا یونٹ بھی قائم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اُنھوں نے بل گیٹس کو وشاکھاپٹنم کے دورہ کی دعوت دی ہے۔ پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات پی رگھوناتھ ریڈی اور دیگر موجود تھے۔