اسمبلی میں قرارداد کی متفقہ منظوری، مودی حکومت کی ستائش
حیدرآباد 24 جون (پی ٹی آئی) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی نے آج ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے درخواست کی ہے کہ کالے دھن کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے اور رشوت سے پاک و صاف بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے۔ ریاستی حکومت نے ایوان میں متفقہ طور پر منظور یہ قرارداد پیش کرتے ہوئے وعدہ کیاکہ آندھراپردیش کو رشوت سے پاک و صاف بنایا جائے گا اور کالے دھن کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے حکومت ہند کی بھرپور تائید کی جائے گی۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے یہ قرارداد پیش کی اور اِس ضمن میں نریندر مودی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ مرکز کو چاہئے کہ وہ اقتصادی، سیاسی اور انتظامی اصلاحات کرے۔ چیف منسٹر نائیڈو نے کہاکہ ’’وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پہلے کابینی اجلاس میں ہی کالے دھن پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ مرکز نے آج سوئز حکومت کے نام ایک مکتوب روانہ کیا اور اُس ملک میں کھاتے رکھنے والے ہندوستانیوں کے نام فراہم کرنے کی درخواست کی۔ یہ مودی حکومت کا فیصلہ کن اقدام ہے‘‘۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ماضی میں کانگریس کی زیرقیادت یو پی اے حکومت نے کالے دھن کو واپس لانے کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ رشوت ستانی میں مزید اضافہ کیا۔