حیدرآباد 5 اپریل (این ایس ایس) صدر پردیش کانگریس کمیٹی آندھراپردیش مسٹر این رگھوویرا ریڈی نے اس بات کا ادعا کیاکہ کانگریس پارٹی ریاست کو خصوصی موقف حاصل ہونے تک خاموش نہیں رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سابقہ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے پارلیمنٹ میں وعدہ کیا تھا کہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دیا جائے گا۔ پردیش کانگریس پارٹی بھی اس بات کی خواہاں ہے کہ ریاست کو خصوصی درجہ حاصل ہو۔ مسٹر این رگھوویرا ریڈی نے مزید کہاکہ این ڈی اے کی زیرقیادت والی بی جے پی حکومت سے ریاست کو خصوصی موقف حاصل ہونے تک کانگریس پارٹی مسلسل جدوجہد کرتی رہے گی۔ صدر پی سی سی آندھراپردیش نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ریاست کے قحط زدہ علاقوں کو سراسر نظرانداز کررہی ہے۔ رگھوویرا ریڈی نے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کی جانب سے روانہ کردہ رپورٹس کو دونوں حکومتوں کی جانب سے نظرانداز کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کلکٹرس کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ریاست کے تقریباً 500 منڈلس شدید طور پر متاثر ہیں۔ اس کے باوجود مرکز اس پر مثبت ردعمل ظاہر نہیں کررہی ہے۔ صدر پی سی سی نے قریوں میں پینے کے پانی کی سربراہی پر پیش کردہ اعداد و شمار پر کہاکہ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ مسٹر این رگھوویرا ریڈی نے حکومت آندھراپردیش اور مرکزی حکومتوں کو انتباہ دیا کہ وہ متاثرہ علاقوں کو قحط زدہ قرار نہ دینے کی صورت میں دونوں حکومتوں پر دباؤ بڑھائے گی اور حصول انصاف تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی۔