حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن کے تعلق سے سخت موقف اختیار کیا اور بتایا کہ آندھراپردیش میں تلگودیشم کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے میں گورنر نرسمہن ہی اہم رول ادا کرنے سے متعلق اخبارات میں اطلاعات شائع ہورہی ہیں جبکہ ایک گورنر کی حیثیت سے اس طرح کی حرکتیں کرنا مناسب نہیں ہے اور نہ ہی اعلیٰ دستوری عہدہ کو زیب دیتا ہے۔ صدر تلگودیشم نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی نے ایک عرصہ قبل ہی گورنر نظام کو برخاست کردینے کا موقف اختیار کیا تھا اور اس مسئلہ پر جدوجہد بھی کی گئی۔ چندرابابو نائیڈو نے مزید کہاکہ گورنر نظام ایک بہتر طریقہ سے چلایا جانے والا نظام ہے لیکن اخبارات میں جس طرح کی اطلاعات شائع ہورہی ہیں ویسے اقدامات گورنر کی جانب سے ہونا ہرگز درست نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ گورنر کا عہدہ دستوری عہدہ ہوتا ہے اور گورنر کو تمام معاملات بالخصوص سیاسی معاملات میں مداخلت کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔