حیدرآباد۔ 3؍ڈسمبر (سیاست نیوز)۔ حکومت آندھرا پردیش نے کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے سلسلہ میں اقدامات کا عملاً آغاز کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کی فہرست کو بہت جلد آن لائن پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے منقسم ریاست آندھرا پردیش میں موجود کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنے کے اعلان کے بعد حکومت نے مکمل ادائیگیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے لئے مکمل تنقیح کے بعد ہی قرضہ جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
حکومت آندھرا پردیش نے تین مرحلوں میں مقروض کسانوں کے بینک سے جڑے ہوئے قرضوں کی ادائیگی کا جائزہ لینے کا تیقن دیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش میں ایک کروڑ 5 لاکھ کسانوں کو دیئے گئے قرضہ جات کی معافی کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کی طمانیت حاصل کی گئی ہے کہ فہرست میں شامل کسانوں میں کتنے کسان ایسے ہیں جوکہ حکومت کی جانب سے روشناس کروائی گئی قرض معافی اسکیم سے استفادہ کے اہل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ریاست آندھرا پردیش کے تمام کسانوں کے مکمل قرضہ جات اور انفرادی طور پر کسانوں کے اندراجات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ بینکوں کو باقی 87 ہزار 612 کروڑ روپئے کی ادائیگی کے لئے کسانوں کی فہرست میں درج 1.05 کروڑ کسانوں کو خاندان کی اساس پر تقسیم کیا جائے۔ ا
س اقدام کے بعد ریاست آندھرا پردیش میں 15 لاکھ کسان خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جوکہ بینکوں سے جڑے ہوئے قرضہ جات کے حصول کے ذریعہ کاشت و زرعی سرگرمیوں میں مصروف تھے اور ناگہانی آفات کے سبب ان کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسانوں کے تمام کھاتوں کا جائزہ لیں اور ان کی تفصیلات کا محکمہ مال کے دستاویزات سے تنقیح کرتے ہوئے حقیقی متاثرین کو سرکاری اسکیم سے فائدہ پہنچانے کے اقدامات کا آغاز کریں۔ حکومت آندھرا پردیش نے فیصلہ کیا ہے کہ انفرادی کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے لئے کسان خاندانوں کے قرضہ جات کی مکمل معافی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت سے تعاون حاصل کیا جائے، کیونکہ آفاتِ سماوی کے سبب کئی کسانوں کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔