آندھراپردیش میں چیف منسٹر یوانیستم اسکیم کا آغاز

تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو الاؤنس کی فراہمی، چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی تقریر

حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے بے روزگاری بھتہ کی فراہمی سے متعلق ملک گیر سطح پر اپنی نوعیت کی منفرد ’’چیف منسٹر یوانیستم‘‘ اسکیم کا آج گاندھی جینتی کے اہم موقع پر آغاز کیا اور کہاکہ یہ اسکیم ریاست میں مستقل اساس پر جاری رہے گی۔ بعدازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پرزور الفاظ میں کہاکہ اگر سال 2004 ء کے انتخابات میں تلگودیشم پارٹی برسر اقتدار آئی ہوتی تو متحدہ ریاست آندھراپردیش ترقی کے معاملہ میں ملک گیر سطح پر دیگر تمام ریاستوں کے مقابلہ میں سرفہرست اور سب سے آگے رہتی تھی۔ انھوں نے کہاکہ ’’یوانیستم اسکیم‘‘ کے ذریعہ نوجوانوں میں ایک زبردست بھروسہ فراہم ہوگا۔ نوجوانوں کی مدد و ملک کے لئے بھروسہ ہی یوانیستم اسکیم کا اہم مقصد ہے۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو جنھوں نے آج اپنی نوعیت کی منفرد یوانیستم اسکیم کا آغاز کرنے کے بعد نوجوانوں کے ساتھ پروگرام منظم کرتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والے قائدین سے دریافت کیاکہ آیا ان پر تنقید کرکے آج تک وہ کچھ حاصل کرسکے؟ انھوں نے کہاکہ والد ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی حکومت میں اپنی مرضی سے جھوٹے حسابات اپنی مرضی کے مطابق تحریر کرلئے جس کی وجہ سے رنگے ہاتھوں پکڑے جاکر ہی جیل بھی جانے پر مجبور ہوگئے۔ چیف منسٹر نے بالواسطہ قائد اپوزیشن و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سیاست سے بالکلیہ طور پر ناواقف رہنے والے بھی آج سڑکوں پر نکل کر بات کرنے لگے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے سخت الفاظ میں کہاکہ مرکزی حکومت کو کسی بھی طرح جھکاکر ہی سہی ریاست آندھراپردیش کو واجب الادا رقومات حاصل کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے پرزور الفاظ میں کہاکہ مجھ پر مکمل بھروسہ و اعتماد رکھتے ہوئے سال 2014 ء کے انتخابات میں ریاست آندھراپردیش کے عوام نے ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا اور عوام کے اس بھروسہ و اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے کیا غلط ہوگا اور کیا صحیح ہوگا۔ اسی مناسبت سے ریاست کی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔