آندھراپردیش میں عام آدمی پارٹی مہم کمیٹی کی تشکیل

حیدرآباد 11 فبروری (پی ٹی آئی) عام آدمی پارٹی نے آندھراپردیش کیلئے آج اپنی ریاستی مہم کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا اور آر ٹی آئی جہدکار بی رام کرشنا راجو کو اس کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی آئندہ عام انتخابات تک اس ریاست میں عام آدمی پارٹی کی تمام سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔ عام آدمی پارٹی کے مطابق راجو، قومی اتحاد برائے عوامی تحریک (این اے پی ایم) کے سابق کنوینر اور متحدہ فورم برائے آر ٹی آئی کی آندھراپردیش یونٹ کے کنوینر ہیں۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں سماجی کارکن آر وینکٹ ریڈی (کنوینر تحفظ شہری جھیل)، جسوین جئے رتھ سماجی کارکن و ماہر زرعی اُمور کرن کمار ویسا کے علاوہ اسٹریٹ ہاکرس فیڈریشن اور ہیومن رائٹس عوام حیدرآباد کے سید بلال، دلت کارکن وجئے کمار اور ہائی کورٹ ایڈوکیٹ روی چندرا شامل ہیں۔ اس پارٹی نے اپنے بیان میں دعویٰ کیاکہ ’’عام آدمی پارٹی سے آندھراپردیش کے تمام اضلاع میں غیرمعمولی دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے اور پارٹی کو اُمید ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں وہ اپنا زبردست اثر دکھائے گی۔ عام آدمی پارٹی پہلے ہی علیحدہ تلنگانہ کی حمایت کرچکی ہے۔ عام آدمی پارٹی پہلے ہی علیحدہ تلنگانہ کی حمایت کرچکی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے بیان میں کہاکہ آندھرا میں اس کے 30,000 اور تلنگانہ میں 1,02,800 رکن ہیں۔