اسمبلی میں وائی ایس آر کانگریس ارکان کا زبردست احتجاج، اجلاس ملتوی
حیدرآباد۔18اگست ( سیاست نیوز) آندھراپردیش میں امن و ضبط کی صورتحال پر ایوان میں مباحث کا موقع فراہم کرنے کے مطالبہ پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اپنے سخت احتجاج کے دریعہ آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے آج سے شروع ہوئے بجٹ اجلاس کے موقع پر ایوان کی کارروائی کو جاری رہنے سے روک دیا اور سخت احتجاج کے ساتھ ساتھ احتجاجی ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ایوان کے پوڈیم تک پہنچنے کے پیش نظر کرسی صدارت پر فائز اسپیکر آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے ایوان کی کارروائی کو ایک سے زائد مرتبہ ملتوی کیا لیکن اسکے باوجود ایوان میں نظم بحال نہ ہونے کے نتیجہ میں بالآخر زائد از دو گھنٹوں بعد ایوان کی کارروائی کو کل یعنی 19اگست تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔ آج صبح 9 بجے اے پی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے سلسلہ میں جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا ‘ ایوان میں احتجاج و شوروغل ہنگامہ آرائی کا آغاز ہوا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آندھراپردیش میں امن و ضبط ( لا اینڈ آرڈر) کی صورتحال پر مباحث کا موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک التواء پیش کیا تھا لیکن اسپیکر آندھراپردیش اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے اس تحریک التواء کو مسترد کرتے ہوئے کسی اور طریقہ سے اس مسئلہ کو موضوع بحث بنانے کا مشورہ دیا جس پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی نے اپنے سخت احتجاج کا آغاز کیا ۔ اسپیکر اسمبلی نے احتجاجی ارکان وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے متعدد مرتبہ احتجاج ختم کرنے کرسی صدارت کے ساتھ تعاون کرنے اپیل کی لیکن احتجاجی ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اسپیکر کی اپیلوں کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کیا ‘ جس کی وجہ سے اسپیکر نے ایوان کی کارروائی کو ایک دو مرتبہ ملتوی کیا ۔ بعد ازاں اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان کے قائدین کو اپنے چیمبر میں طلب کیا اور تبالہ خیال کرتے ہوئے احتجاج کو ختم کرکے کرسی صدارت سے تعاون کرنے کے علاوہ کسی اور طریقہ سے اس مسئلہ کو موضوع بحث بنانے پر مباحث کا موقع فراہم کرنے کا تیقن دیا لیکن وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے وقتیہ طور پر رضامندی ظاہر کی لیکن جب ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا پھر سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی نے ایوان میں دوبارہ احتجاج شروع کردیااور اپنا سخت موقف اختیار کیا ۔ اسپیکر ’’ویل‘‘ میں پہنچ کر وائی ایس آر کانگریس ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی شروع کی جس کو دیکھتے ہوئے اسپیکر آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ نے ایوان کی کارروائی کو دوبارہ ملتوی کردیا ۔
اور کچھ دیر بعد پھر جب دوبارہ ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا ‘ صورتحال جوں کی توں برقرار رہی جس کے پیش نظر اسپیکر اسمبلی آندھراپردیش نے ایوان کی کارروائی کو کل یعنی 19اگست 9بجے صبح تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔