حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں مالی بحران کے پیش نظر محکمہ فینانس نے تمام ڈسٹرکٹ ٹریژریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ بلز کی ادائیگی فوری روک دیں۔ یکم ڈسمبر کے پیش نظر ریاستی کابینہ نے تمام بلوں کی ادائیگی روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت اِس وقت سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشنرس کو وظیفہ کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ اس کے لئے حکومت کو تقریباً 3 ہزار کروڑ روپئے کی رقم درکار ہے اور بڑی کرنسی کا چلن بند کرنے کی وجہ سے بحران کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ عوام پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایسے میں سرکاری ملازمین و پنشنرس کو راحت فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔