ارکان کونسل کی رپورٹ پر عمل آوری کا مطالبہ، اے پی گورنمنٹ کالجس کنٹراکٹ لیکچررس اسوسی ایشن
حیدرآباد ۔ /7 اکٹوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش گورنمنٹ کالجس کنٹراکٹ لیکچررس اسوسی ایشن نے بتایا کہ ریاست آندھراپردیش کے گورنمنٹ کالجوں میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ لیکچررس کی خدمات کو باقاعدہ بنانے اور انہیں ملازمتوں کا تحفظ فراہم کرنے ، ارکان کونسل کمیٹی رپورٹ پر عمل آوری کے مطالبہ پر خاتون کنٹراکٹ لیکچررس /8 اکٹوبر کی صبح سے 36 گھنٹوں کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسرس کے سرینواس یادو ، صدر اور بی جے گاندھی جنرل سکریٹری آندھراپردیش گورنمنٹ کالجس کنٹراکٹ لیکچررس اسوسی ایشن نے بتایا کہ گزشتہ سال اپنے مسائل و مطالبات کی یکسوئی کے مطالبہ پر 33 دنوں تک ہڑتال منظم کی تھی ۔ تب حکومت نے مطالبات کی یکسوئی کرنے سے متعلق بعض تیقنات دی تھی ۔ ان تیقنات میں فی الوقت خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ لیکچررس کیلئے ٹائیم اسکیل کو قابل عمل بنانے ۔ کنٹراکٹ لیکچررس کی خدمات کو 60 سال عمر تک برقرار رکھنے ، اسپیشل ٹسٹ منعقد کرکے اہل قرار دیئے جانے والے کنٹراکٹ لیکچررس کی خدمات کو باقاعدہ بنانے ، ماباقی کنٹراکٹ لیکچررس کیلئے ٹائم اسکیل فراہم کرتے ہوئے ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا تیقن شامل ہے ۔ ان قائدین نے بتایا کہ دیئے گئے تیقنات پر حکومت کی جانب سے عمل آوری نہ کئے جانے کے باعث ریاستی حکومت پر پی ڈی ایف ارکان کونسل کے مسلسل بڑھتے ہوئے دباؤ کے نتیجہ میں حکومت نے ارکان کونسل آندھراپردیش قانون ساز کونسل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی اور اس کمیٹی نے کنٹراکٹ لیکچررس کے دیرینہ حل طلب مسائل کا تفیصلی جائزہ لینے کے بعد اپنی جانب سے مرتب کردہ ایک رپورٹ حکومت کو /19 مارچ 2018 ء کو پیش کی ۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ اس کمیٹی رپورٹ پر عمل آوری کرنے کے مطالبہ پر متعدد مرتبہ موثر نمائندگیاں کی گئیں۔