آندھراپردیش قانون ساز کونسل میں مزید 8 ارکان کے اضافہ کا امکان

تقسیم ریاست کے بعد نشستوں کے الاٹمنٹ میں غلطی کی نشاندہی، الیکٹورل آفیسر بھنورلال
حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر بھنورلال نے کہاکہ آندھراپردیش کو مزید 8 ارکان قانون ساز کونسل کی نشستوں میں اضافہ کا امکان ہے۔ مسٹر بھنور لعل نے کہاکہ غیر منقسم آندھراپردیش میں کونسل کی جملہ نشستیں 90 تھی۔ پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے بعد 2 جون کو علیحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں لایا گیا اور آندھراپردیش کو 50 اور تلنگانہ کو 40 کونسل کی نشستیں الاٹ کی گئیں۔ تاہم اس الاٹمنٹ میں غلطی ہونے کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ آندھراپردیش کو 3 نشستوں کا نقصان ہونے کا تاخیر سے پتہ چلا۔ آندھراپردیش قانون ساز کونسل کیلئے 8 نشستوں کا اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو ایک مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے بھی اس کی نشاندہی کرتے ہوئے مرکز کو مکتوب روانہ کیا ہے جس کے بعد آندھراپردیش کے قائدین کونسل میں داخلہ کیلئے ابھی سے پیروی کا آغاز کرچکے ہیں اور چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں کونسل کا رکن نامزد کرنے کیلئے نمائندگی کررہے ہیں اور چندرابابو نائیڈو سے گہرے تعلقات رکھنے والے شخصیتوں سے بھی سفارش کررہے ہیں۔ آندھراپردیش میں کارپوریشن اور نامزد عہدوں پر تقررات کے لئے تیاریاں زوروں پر چل رہی ہیں۔ دو دن قبل ہی ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام مندر کمیٹیوں کو برخاست کردیا گیا ہے ان کی جگہ نئی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔