صارفین کو فائیو اسٹار ریٹیڈ اپلائنسیس کی فراہمی کے اقدامات
حیدرآباد 4 ستمبر (این ایس ایس) برقی کے استعمال میں قابل لحاظ کمی کرنے اور پاور سسٹم پر بوجھ کم کرنے کے لئے حکومت آندھراپردیش نے ریاست میں برقی بچت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چنانچہ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے حکومت کی پوری مشنری کی جانب سے برقی بچت پروگرامس میں اہم رول کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ اس بات پر خاص توجہ دی جائے کہ ریاست اور بالخصوص اسٹیک ہولڈرس کے فائدہ کے لئے صارفین کو 5 اسٹار ریٹیڈ اپلائنسیس کی فراہمی کو آسان اور سہولت بخش بنایا جائے۔ چیف منسٹر کے اس مقصد کے تحت اسٹیٹ انرجی کنزرویشن مشن آندھراپردیش اسٹیٹ تشکیل دیا گیا ہے تاکہ برقی بچت کے حصول کے لئے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرکے اس پر عمل درآمد کیا جائے۔ آئی سی ایل بلبس کی تبدیلی اور ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب میں ریاست بہترین انداز میں کام کررہی ہے اور ریاست آندھراپردیش کو برقی بچت کے معاملہ میں ملک میں ایک رول ماڈل کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔