حیدرآباد 17 جون (این ایس ایس) آندھراپردیش کے وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے آج پولیس عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں 19 جون سے شروع ہونے والے آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ مجوزہ اجلاس کے لئے نقائص سے پاک سکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ 19 جون کو صبح 9.30 بجے عبوری اسپیکر کو حلف دلایا جائے گا۔ بعدازاں تمام نومنتخب ارکان رکنیت کا حلف لیں گے۔ آندھراپردیش اسمبلی اسپیکر کا انتخاب 20 جون کو ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی کی گیٹ نمبر 2 سے چیف منسٹر اور وزراء داخل ہوں گے کیونکہ گیٹ نمبر 1 تلنگانہ کیلئے مخصوص ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسمبلی میں چونکہ جگہ بہت کم ہے چنانچہ ارکان اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ وزیٹر پاس کیلئے مکتوب جاری نہ کریں۔ میڈیا گیلری میں بھی جگہ محدود رہے گی۔