آنجہانی پروفیسر جیا شنکر کی خدمات ناقابل فراموش

یوم پیدائش تقریب کا انعقاد ‘ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 اگسٹ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھرراؤ نے علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے ممتاز جہد کار پروفیسر جیا شنکر کی علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے منصوبہ سازی اور ان کی کوششوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ اور کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے لئے پروفیسر جیا شنکر کی گرانقدر خدمات کو تلنگانہ عوام ہرگز بھول نہیں پائیں گے ۔ آنجہانی پروفیسر جیا شنکر کی آج یوم پیدائش کے موقعہ پر چیف منسٹر نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر جیا شنکر ہمیشہ تلنگانہ عوام کیلئے نیا عزم و حوصلہ و نئی جہت عطا کرنے والی شخصیت کی حیثیت سے یاد رکھے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے ریاست حیدرآباد کے آندھرپردیش میں ضم ہونے کے دن سے دوبارہ علحدہ تلنگانہ کیلئے شروع کی گئی جدوجہد تک تلنگانہ کے ساتھ نا انصافیوں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے علحدہ ریاست کے حصول کیلئے از سرنو جدوجہد شروع کرنے کا نیا جذبہ پیدا کرکے نئی راہ دکھانے کی زبردست ستائش کی ۔ اور کہا کہ تلنگانہ ریاست ہی نہیں بلکہ تلنگانہ عوام پروفیسر جیا شنکر کی تلنگانہ کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ چندرشیکھرراؤ نے قبل ازیں پروفیسر جیا شنکر کے پوٹریٹ پرپھول نچاور کرتے ہوئے گلہائے عقیدت بھی پیش کیا ۔ اسی دوران تلنگانہ بھون میں بھی پروفیسر جیا شنکر کی یوم پیدائش تقریب وسیع پیمانے پر منعقد کی گئی ۔ وزیر داخلہ و جنرل سکریٹری تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر این نرسمہاریڈی اور بی نرسیاگوڑ ‘ رکن پارلیمان بھونگیر پروفیسر جیا شنکر کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور ان کے مجسمہ کی گلپوشی بھی کی ۔ اس موقعہ پر نرسمہاریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد کو منصوبہ بندانداز میں چلانے والی شخصیت کا نام پروفیسر جیا شنکر تھا اور پروفیسر جیا شنکر کی توقعات و خوابوں کو آج چیف منسٹر چندر شیکھرراؤ پورا کرنے کوشاں ہیں ۔ وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پروفیسر جیا شنکر کی توقعات کے مطابق تلنگانہ کی ترقی کیلئے کوششوں کو چیف منسٹر جاری رکھے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کی حکومت پر تنقیدوں پر برہمی کا اظہار کیا ۔ رکن پارلیمان تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر بی نرسیاگوڑ نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت کی انتھک جاری کوششوں کے نتیجہ میں آج ریاست تلنگانہ تمام تر شعبوں میں سرفہرست ہے ۔ اور خواہ اپوزیشن جماعتیں کتنی ہی رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کریں ریاست کی ترقی ہرگز نہیں رک پائے گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفیسر جیاشنکر کی توقعات کے مطابق ریاست تلنگانہ کو ’’بنگارو تلنگانہ‘‘ کے لئے چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھرراؤ کوشاں ہیں ۔