حیدرآباد 31 ڈسمبر (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی نے ہائیکورٹ کی ہدایت پر کڑپہ کے سابق میئر اور آنجہانی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے برادر نسبتی رویندر ناتھ ریڈی کی جوبلی ہلز علاقہ روڈ نمبر 2 پر واقع غیرقانونی تعمیر کردہ عمارت کو منہدم کرنا شروع کردیا ہے۔ صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے یہاں پہونچ کر انہدامی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ اُنھوں نے متاثرہ افراد سے بھی ملاقات کی جن کی اراضی پر رویندر ناتھ ریڈی نے قبضہ کرلیا تھا۔ چندرابابو نائیڈو نے نیرج راؤ کے حوصلہ کی ستائش کی جنھوں نے خطرناک لینڈ مافیا کے خلاف قانونی لڑائی کی اور اِس میں کامیابی حاصل کی۔ نائیڈو نے کہاکہ آنجہانی وائی ایس آر کے مظالم کی وجہ سے عوام کڑپہ کے نام سے خوف کھاتے تھے لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔