آنجہانی اندرا گاندھی کی قومی یکجہتی خدمات کو خراج

نوجوانوں کو مشعل راہ بنانے کا مشورہ، 10 کے رن سے راج ببر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ یوتھ کانگریس کے زیراہتمام اندرا گاندھی کی صدی تقاریب کے موقع پر نیکلس روڈ پر منعقدہ 10 کے دوڑ میں فلم اسٹار و کانگریس قائد راج ببر، اتم کمار ریڈی، جانا ریڈی، محمد علی شبیر کے علاوہ دیگر قائدین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر صدر اترپردیش کانگریس کمیٹی راج ببر نے آنجہانی اندرا گاندھی کو آہنی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسی شخصیتیں صدیوں میں جنم لیتی ہیں جنھوں نے اپنی خدمات اور کارکردگی کے ایسے نقوش چھوڑ جاتے ہیں جنھیں صدیوں عوام یاد رکھتے ہیں۔ اُن میں اندرا گاندھی بھی شامل ہے۔ اندرا گاندھی نے ملک کو متحد رکھنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ اس طرح دوڑ کے مقابلوں سے نوجوان نسل میں اندرا گاندھی کی خدمات کا شعور بیدار ہوگا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی، قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی (اسمبلی)، محمد علی شبیر (کونسل)، پی سدھاکر ریڈی، وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا، سروے ستیہ نارائنا، ڈی ناگیندر، سنیتا لکشما ریڈی، رکن اسمبلی سمپت کمار کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے یوتھ کانگریس اور نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ اندرا گاندھی کی خدمات کو مشعل راہ بناتے ہوئے ملک کے استحکام اور سیکولرازم کو فروغ دینے کے لئے اپنے آپ کو وقف کردیں۔ اندرا گاندھی نے ساری دنیا میں ہندوستان کو طاقتور ملک بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے خطاب کرتے ہوئے آنجہانی اندرا گاندھی کی صدی تقاریب کے موقع پر یوتھ کانگریس کی جانب سے تین زمروں میں 5-10 اور 2 کیلو میٹر دوڑ کا اہتمام کیا گیا اور مقابلوں میں کامیاب ہونے والوں کو نقد رقمی انعام بھی دیا جارہا ہے۔ اس دوڑ میں نوجوانوں کی بھاری تعداد میں شرکت سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ نوجوان نسل اندرا گاندھی کی خدمات سے کتنی متاثر ہے۔