جناب ابو عاصم اعظمی کی شرکت، بی جگدیش یادو اور امجداللہ خان خالد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 31 مئی (سیاست نیوز) آلیر فرضی انکاؤنٹر میں عدالتی تحویل میں زیر سماعت وقار احمد کے بشمول 5 مسلم نوجوانوں کا انکاؤنٹر کے نام پر وحشیانہ قتل، انکاؤنٹر کے نام پر دستور ہند، جمہوریت اور انسانیت کی دھجیاں اُڑادینے، وردی پوش مجرموں کی پردہ پوشی و تحفظ کیلئے حکومت تلنگانہ کے ڈرامے، بے گناہ مسلم نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دینے اور سیکولرازم کے نام پر جاری سیاسی جماعتوں کی مسلمانوں کے ساتھ تعصبیت اور نااانصافی کے خلاف بطور احتجاج سماج وادی پارٹی اور مجلس بچاؤ تحریک کے زیراہتمام 13 جون بروز ہفتہ کو صبح 11 تا 3 بجے دن دھرنا چوک اندرا پارک ’’کل جماعتی مہا دھرنا‘‘ پروگرام منعقد ہوگا۔ جس میں سماج وادی پارٹی قائد جناب ابو عاصم اعظمی بحیثیت مہمان خصوصی کے علاوہ دیگر سرکردہ شخضیتیں شرکت کرکے مخاطب کریں گے۔ یہ بات آج یہاں قومی رکن سماج وادی پارٹی مسٹر بی جگدیش یادو، قائد مجلس بچاؤ تحریک جناب امجد اللہ خان خالد نے پریس کانفرنس میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ آلیر فرضی انکاؤنٹر واقعہ کے زائداز 2 ماہ کا عرصہ ہورہا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت تلنگانہ نے واقعہ کی تحقیقات سے متعلق نہ تو کوئی ٹھوس اقدامات کئے اور نہ ہی سی بی آئی یا برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کروانے کا حکم دیا بلکہ حکومت نے اس مسئلہ کو ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کا حکم دے کر تحقیقات کے مسئلہ کو برفدان کی نذر کردیا۔ انھوں نے برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ بجائے واقعہ کی تحقیقات کروانے کے مہلوک مسلم نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے خاطی پولیس ملازمین کو بچانے کی سازش کررہی ہے اور پولیس انٹلی جنس، آر ایس ایس ذہنیت سے کام کررہی ہے اور مسلم نوجوانوں کو منصوبہ بند طریقے سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ منعقدہ کل جماعتی مہا دھرنا پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے جلسہ کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر سینئر ایم بی ٹی قائد ڈاکٹر صمد عثمان، سدھاکر، شیو کانت راؤ سائی بھی موجود تھے۔