ملبورن ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں آئی ٹی کے دو ہندوستانی طالب علم ایک عجیب و غریب واقعہ میں بری طرح زخمی ہوگئے جب وہ ایک پبلک سوئمنگ پول میں تیراکی کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پانی میں چھلانگ لگانے کے دوران اس جوڑے کے سر ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔ وکٹوریہ پولیس نے کہا کہ 23 سالہ ہندوستانی خاتون نے اپنے 22 سالہ ہندوستانی بوائے فرینڈ کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے غالباً سوئمنگ پول میں چھلانگ لگائی تھی۔ ان دونوں کے سروں پر شدید زخم آئے ہیں جنہیں آسٹن ہاسپٹل کے انٹنسیوکیر یونٹ میں شریک کردیاگیا ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا اس جوڑے کو آخر ہوا کیا تھا۔ انہوں نے عینی شاہدین سے اپیل کی ہیکہ وہ اپنے بیانات قلمبند کروائے۔
یہ جوڑا دو سال قبل آسٹریلیا منتقل ہوا تھا اور ویسٹن علاقہ میں سکونت پذیر تھا اور شمال مشرقی ملبورن کے گرینس برگ واٹر مارک سوئمنگ پول میں عجیب و غریب حادثہ کا شکار ہونے کے بعد بیہوش پایا گیا۔ سوئمنگ پول کے منیجر نے خاتون کو سوئمنگ پول میں سے گھسیٹ کر باہر لایا جو تقریباً غرقاب ہوچکی تھی جبکہ ساتھی نوجوان سوئمنگ پول کی تل میں پہنچ گیا تھا۔ اس حادثہ کے دوران نوجوان کے قلب پر حملہ بھی ہوا تھا۔ سینئرسرجنٹ جسٹن گولڈ اسمتھ نے کہا کہ غالباً 23 سالہ خاتون اپنے ساتھی کو بچانے کیلئے چھلانگ لگائی تھی جو مکمل لباس میں پائی گئی۔ اس بات کا علم نہیں ہوسکا ہیکہ آیا وہ اپنے روایتی تہذیبی وجوہات کے سبب مکمل لباس پہنی ہوئی تھی یا پھر اچانک سوئمنگ پول میں کود پڑی۔