آسٹریلیا کے خلاف ہندوستانی کی شاندار کامیابی

صفر کے مقابلے تین سے کلین سوئپ مکمل، روہت اور کوہلی کی بہترین بیٹنگ، یوراج اور رائنا کا ذمہ دارانہ کھیل
سڈنی۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کی سرزمین پر اب تک کے سب سے زیادہ ان تعاقب کرنے کا ریکارڈ قائم کرنے کے لئے پر عزم ہندوستانی ٹیم نے ٹی۔20 انٹرنیشنل کے تیسرے اور فائینل میچ میں آسٹریلیا کو آخری گیندر پر سات وکٹ سے شکست دیتے ہوئے میزبانوں کے خلاف کلین سوئپ کرلیا۔ اس کامیابی نے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم کو آئی سی سی کے ٹی۔20 رینکنگس میں پہلا مقام دلادیا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے 2010ء کے دوران راجکوٹ میں سری لنکا کے خلاف اپنی کامیابی کے لئے 202 رن کا تعاقب کیا تھا جو ہندوستان کا دوسرا بڑا ٹی۔20 ہدف ہے۔ سریش رائنا (49 ناٹ آئوٹ) اور یووراج سنگھ (15 ناٹ آئوٹ) نے آخری اوور میں انتہائی احتیاط اور صبر و تحمل کے ساتھ 17 رن بناتے ہوئے اپنی کامیابی کے لئے حریفوں کی طرف سے مقرر کردہ 198 ان کا بھاری ہدف پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کے کارگزار کپتان شین واٹسن 71 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 124 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ ان کے انفرادی اسکور نے آسٹریلیا کے موقف کو کافی مستحکم کردیا تھالیکن ہندوستانی بیٹسمین نے اس چیلنج کا کامیاب جواب دیا۔ آخری اوور میں ہندوستانی ٹیم کو اپنی کامیابی کے لئے 17 رن درکار تھے۔ واٹسن نے روکی اینڈریو کو بولنگ دی۔ کھیل میں دوبارہ واپس آنے والے یووراج سنگھ جنہوں نے لڑکھڑاتے ہوئے کھیل کا آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی 9 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ رن بناچکے تھے۔ آخری اوور کی پہلی گیندر پر شاندار چوکا لگایا اس طرح پانچ گیندوں میں 13 رن درکار تھے کہ تجربہ کار یوراج نے شاندار چھکہ لگادیا اور پھر جیت کے لئے چار گیند میں سات رن ہی درکار تھے۔ یوراج نے ایک سنگل رن لیا۔ بعدازاں رائنا دو مرتبہ دو دو رن بنا پائے۔ چنانچہ کامیابی کے لئے آخری گیندر پر دو رن درکار تھے کہ تمام فیلڈرس کو قریبی حلقہ میں جمع کرلیا گیا لیکن اترپردیش کے کھلاڑی رائنا نے بدستور صبر و تحمل سے کام لیتیہوئے کامیابی کا ہدف حاصل کرلیا جس کے ساتھ ہی کھیل کے میدان پر جشن شروع ہوگیا ۔ تمام کھلاڑی گرائونڈ پر جمع ہوتے ہوئے ان دونوں (یوراج اور رائنا) کو مبارکباد دینے لگے۔ لیکن ان دونوں کے علاوہ ہندوستان کی اس کامیابی کا کریڈٹ 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رن بنانے والے روہت شرما اور 36 گیندوں میں 50 رن بنانے والے ویراٹ کوہلی کو بھی جاتا ہے۔ شکھر دھون نے بھی دھواں دھار بیٹنگ کے ذریعہ صرف 9 گیندوں میں 26 رن بنایا تھا۔ ہندوستان کا آئندہ مقابلہ 9 فروری کو پونے میں سری لنکا سے ہوگا۔