آسٹریلیا: کم عمر لڑکی کا نکاح پڑھانے والا امام گرفتار

سڈنی۔12 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین پولیس نے نابالغ لڑکی کا نکاح پڑھانے کے الزام میں ایک پاکستانی نژاد امام کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بچوں کے انسداد استحصال یونٹ نے پاکستانی نژاد مقامی امام ریاض تصور کو گرفتار کر لیا ہے۔ امام پر الزام ہے کہ اس نے ملکی قوانین کے خلاف غیر قانونی طور پر ایک 12 سالہ لڑکی کا نکاح 26 سالہ شخص سے کرایا۔ امام کو سخت شرائط پر ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے تاہم اسے 2 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل سڈنی کے شمالی علاقے ہنٹر میں 26 سالہ لبنانی شہری احمد چھما کی ملاقات 12 سالہ لڑکی سے ہوئی تھی تاہم بعد میں یہ جوڑا سڈنی منتقل ہوگیا جہاں انہوں نے نکاح کیا۔ عدالت نے شوہر کو کم سن لڑکی سے جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، تاہم لڑکی کے والدین پر کسی بھی قسم کا مقدمہ دائر نہیں کیا گیا لیکن انہیں بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا میں بلوغت کی عمر 18 برس مقرر ہے اور اس سے قبل ان کی شادی نہیں کی جاسکتی۔