آسٹریلیا کا 13 سالہ صنعتکار فنلیسن

حیدرآباد 28 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں جاری عالمی انٹرپرینئرشپ چوٹی اجلاس میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ ہمش فنلیسن سب سے کم عمر صنعتکار ہے۔ وہ اِس اہم کانفرنس میں گیم اور معلوماتی ایپ(App) کا عملی مظاہرہ پیش کرے گا۔ یہ صنعت کار ساتویں گریڈ کا طالب علم ہے اور اُس نے اب تک 5 ایپس تیار کئے ہیں۔ اِن میں ایک کچھوا (Turtle) کے تحفظ سے متعلق ہے۔ اب وہ ٹریفک قواعد میں بیداری کے لئے ایک ایپ تیار کرنے میں مصروف ہے۔ فنلیسن نے کہاکہ اُسے ہندوستان آکر انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ وہ ٹیکنالوجی سے محبت رکھتا ہے اور ایپس فروغ دینے میں اُس کی دلچسپی ہے لیکن وہ اپنی تعلیم پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اُس نے بتایا کہ سب سے پہلے وہ اپنا اسکول ہوم ورک مکمل کرتا ہے، اِس کے بعد ہی فاضل وقت میں ایپس کی تیاری میں مصروف رہتا ہے۔ فنلیسن کے والد گریم فنلیسن نے کہاکہ ایپس پر ایک مقابلہ میں حصہ لینے کے بعد فنلیسن کو دلچسپی پیدا ہوئی اور یہیں سے اُس کا اختراعی سفر شروع ہوا۔ اُس نے جو ایپس تیار کئے وہ آج ایپل، گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ میرا بیٹا اب ٹریفک قواعد کے بارے میں عوام کو واقف کرانے کیلئے ایک ایپ تیار کررہا ہے۔ فنلیسن کے کسٹمرس 54 ممالک میں پائے جاتے ہیں اور وہ ٹیکنالوجی کے ذریعہ دنیا بھر میں عوام کو درپیش مشکلات کو حل کرنے میں مدد کا خواہاں ہے۔