آسٹریلیا کا سزا یافتہ دہشت گرد شام فرار

سڈنی۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ آسٹریلیا کے عہدیداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ سرحدی صیانتی فوج کا بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے دوران گرفتار سزا یافتہ دہشت گرد سڈنی ایرپورٹ سے فرار ہوگیا تاکہ شام کی خانۂ جنگی میں شامل ہوسکے۔ نیو ساؤتھ ویلز کے وزیراعظم بیری او فارل نے ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں خالد شراف کے فرار پر اظہار تشویش کیا ہے جو اپنے جرم کا اعتراف کرنے کے بعد چار سال کی سزائے قید بھگت چکا تھا۔ اس نے 2005ء میں سڈنی پر حملہ کی ایک سازش میں ملوث ہونے کے جرم کا اعتراف کیا تھا، لیکن آج سڈنی ایرپورٹ سے شام فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ’نیوز کارپ آسٹریلیا‘ کے بموجب وہ سڈنی ایرپورٹ پر ملائیشیاء کے ایک طیارہ میں سوار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ وہ اپنے بھائی کا پاسپورٹ استعمال کررہا تھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ وہ فرار ہوکر شام پہنچ چکا ہے۔ وزیراعظم نیو ساؤتھ ویلز نے کہا کہ مرکزی پولیس اور کسٹمس کی چوکسی کے باوجود وہ انھیں دھوکہ دینے میں کامیاب رہا۔